.

ایران:کووِڈ-19 کے چار ہزار سے زیادہ کیسوں کی تشخیص، 227 مریضوں کی وفات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران نے منگل کے روز کرونا وائرس کے چار ہزار سے زیادہ نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے اور کووِڈ-19 کا شکار 227 مریض وفات پاگئے ہیں۔

ایران کی وزارت صحت کی خاتون ترجمان سیما سادات لاری نے اطلاع دی ہے کہ ’’گذشتہ 24 گھنٹے میں 4151 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں اور ہمارے 227 ہم وطن چل بسے ہیں۔‘‘

ایران نے سوموار کے روز 235 ہلاکتوں کی اطلاع دی تھی۔اس سے پہلے 28 جولائی کو اتنی ہی تعداد میں اس مہلک وائرس سے اموات ہوئی تھیں۔

ایران میں مشرقِ اوسط میں سب سے پہلے کرونا وائرس پھیلا تھا اور اب تک ملک میں 479825 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ان میں سے 27419 مریض وفات پا چکے ہیں۔

ایرانی دارالحکومت تہران میں صورت حال سب سے ابتر بتائی جاتی ہے۔صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے آیندہ ہفتے کے روز سے عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔

واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس کے کیسوں کی حقیقی تعداد کے بارے میں شکوک وشبہات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔ بعض ایرانی عہدے داروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک میں چین سے آنے والے اس مہلک وائرس کے پھیلنے کے بعد متاثرین کی حقیقی تعداد ظاہر نہیں کی ہے اور صرف پانچ فی صد کیسوں کی تفصیل جاری کی ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں