یواے ای: گھریلوملازمین کوویزوں اور سرکاری ملازمین کو داخلی اجازت ناموں کےاجرا کا آغاز
متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کی حکومت نے ملک میں تارکِ وطن گھریلو ملازمین کے دوبارہ ویزوں اور سرکاری ،نیم سرکاری اداروں اور اہم شعبوں کے ملازمین کو داخلے کے اجازت ناموں کا اجرا شروع کردیا ہے۔
یو اے ای کی وزارت خارجہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اس خدمت کا اجرا ملک کے بحالی کے منصوبے کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔اس کا مقصد معیشت اورسیاحت کی صنعت کو مضبوط بنانا ہے۔یہ فیصلہ نیشنل ایمرجنسی،کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رابطے کے بعد کیا گیا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ امارات کی حکومت نے مارچ میں ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہر قسم کے ویزوں کا اجرا بند کردیا تھا۔
وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ درخواست گزار وفاقی اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت کی ویب سائٹ پر درخواست دائر کرسکتے ہیں۔تاہم ان کے یو اے ای میں داخلے کی شرط یہ ہوگی کہ ان کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ منفی ہونا چاہیے۔
تمام آجروں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ یو اے ای میں آنے والے ان کے تمام ملازمین 14 روز تک قرنطین میں رہیں۔
The Federal Authority for Identity and Citizenship in coordination with the NCEMA resumes the granting of entry permits for domestic workers as well as employment permits for government and semi-governmental entities and vital facilities in the country. pic.twitter.com/jiliuMN93f
— Identity and Citizenship- UAE (@ICAUAE) October 5, 2020
اتھارٹی کے مطابق کارآمد اقامتی پرمٹوں کے حامل تمام ممالک سے تعلق رکھنے والے گھریلو ملازمین کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ سرکاری، نیم سرکاری اداروں اور اہم شعبوں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو بھی ملک میں آنے کی اجازت ہوگی۔اس مقصد کے لیے انھیں اتھارٹی کی ویب سائٹ (ica.gov.ae) پر اپنی درخواست جمع کرانا ہوگی۔
یو اے ای میں منگل کے روز تک کووِڈ-19 کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 100794 ہوگئی ہے۔ان میں 90556 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وزارتِ صحت کے حکام کے مطابق یو اے ای میں اب تک کووِڈ-19 سے 435 اموات ہوچکی ہیں۔