سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر رواں سمیسٹر کی باقی مدت میں فاصلاتی تدریسی نظام جاری رہے گا اور تمام جماعتوں کے طلبہ کو فاصلاتی نظام کے ذریعے ہی اسباق پڑھائے جائیں گے۔
سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ ’’قیادت کی طلبہ کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی تشویش کے پیش نظر اور گذشتہ ہفتوں کے دوران میں صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد ایک شاہی فرمان جاری کیا گیا ہے۔اس کے تحت رواں سمیسٹر کی باقی مدت کے دوران میں بھی فاصلاتی تعلیمی نظام جاری رہے گا اور قابل اطلاق پروٹوکولز کے مطابق عمومی اور فنی تعلیمی اداروں اور جامعات میں آن لائن تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا۔‘‘
سعودی عرب میں موجودہ تعلیمی سال کا اگست کے آخر میں آغاز ہوا تھا اور ہزاروں طلبہ اور اساتذہ نے خود کو آن لائن پلیٹ فارم ’’مدرستی‘‘(میرا اسکول) پر رجسٹر (لاگ اپ) کیا تھا۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے اساتذہ ورچوئل کلاسیں لے رہے ہیں۔طلبہ آن لائن تعلیمی ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں اور نصابی کتب تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
طلبہ ، اساتذہ اور والدین کے لیے 24 گھنٹے ایک ہاٹ لائن اور مصنوعی ذہانت چیٹ باٹ بھی بنایا گیا ہے تاکہ تدریسی عمل میں سہولت بہم پہنچائی جاسکے۔مملکت کے جن علاقوں میں انٹرنیٹ کی تیزرفتارسہولت مہیا نہیں ، وہاں متعدد ٹی وی چینلز طلبہ کے لیے تدریسی خدمات مہیا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے مملکت بھر میں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 9 مارچ کو تمام اسکول ، جامعات اور دوسرے تعلیمی ادارے بند کردیے تھے۔ تب سے طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریسی سرگرمیاں جاری ہے۔
اپریل میں وزیرتعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا تھا کہ فاصلاتی تدریس بالآخر سعودی عرب کے لیے ایک تزویراتی انتخاب ہوسکتی ہے اور یہ کرونا وائرس کے بحران کا عرصہ گزرنے کے بعد صرف ایک متبادل نہیں رہے گی۔
سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے سعودی وزیر تعلیم خود ورچوئل اسکولوں اور فاصلاتی تدریس کے انتظام کی نگرانی کررہے ہیں۔انھوں نے اگست میں کہا تھا کہ سعودی عرب میں کووِڈ-19 کی وبا کے تناظر میں نئے تعلیمی سال میں پہلے سات ہفتے تک طلبہ وطالبات کی آن لائن فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس کے بعد ان کے اسکول کھولنے کے بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
وزیرتعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد نے ایک انٹرویو میں یہ بھی کہا تھا کہ مملکت میں کرونا وائرس کی وَبا کے خاتمے کے بعد فاصلاتی تدریس کا سلسلہ جاری رکھا جاسکتا ہے اور طلبہ وطالبات کو بعض مضامین جماعتوں میں بالمشافہ کے بجائے آن لائن ہی پڑھائے جائیں گے۔