.

ایک دن میں کرونا کے کیسوں کی ریکارڈ تعداد کا اندراج: عالمی ادارہ صحت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عالمی ادارہ صحت نے جمعے کے روز اعلان میں بتایا کہ دنیا بھر میں ایک دن کے اندر کرونا وائرس کے متاثرین کی نئی ریکارڈ تعداد سامنے آئی ہے۔ اقوام متحدہ کے اس ذیلی ادارے کے مطابق جمعرات کے روز دنیا بھر میں 3.5 لاکھ سے زیادہ کیسوں کا اندراج ہوا۔

متاثرین کی تازہ ترین تعداد رواں ہفتے سامنے آنے والی ریکارڈ تعداد سے 12000 زیادہ ہے۔

جمعے کے روز ایک پریس بریفنگ میں عالمی ادارہ صحت میں ہنگامی شعبے کے سربراہ ڈاکٹر مائیکل ریان نے کہا کہ اگرچہ ہمارا ادارہ یہ چاہتا ہے کہ دنیا کے ممالک لاک ڈاؤن سے اجتناب کریں جس نے معیشتوں کو تباہ کر کے رکھ دیا تاہم حکومتوں کو چاہیے کہ افراد کی حفاظت کو کئی گنا بڑھا دیں اور مزید اقدامات کریں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دسمبر 2019ء میں چین میں نمودار ہونے کے بعد سے کل جمعے کے روز تک کرونا وائرس کے سبب کم از کم 1,063,346 افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس دوران دنیا بھر میں اس وبائی مرض سے 36,595,740 افراد متاثر ہوئے۔ ان میں اب تک 25,332,900 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

متاثرین کی مذکورہ تعداد حقیقی اعداد و شمار کا محض ایک حصہ ہے۔ اس لیے کہ کئی ممالک میں صرف ان افراد کا کرونا ٹیسٹ کیا جاتا ہے جن کی حالت خطر ناک حد تک بگڑی ہوتی ہے۔ بالخصوص غریب ممالک میں محدود پیمانے پر لوگوں کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

جمعرات کے روز دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 355,735 نئے کیسوں اور مزید 6408 اموات کا اندراج کیا گیا۔ چوبیس گھنٹوں کے اندر جن ممالک میں سب سے زیادہ افراد فوت ہوئے وہ بھارت، امریکا اور برازیل ہیں۔

اموات اور کیسوں کی تعداد کے لحاظ سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا ہے۔ یہاں اب تک کرونا کے 7,607,848 متاثرین سامنے آئے ہیں۔ ان میں 212,789 مریض زندگی سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ 3,021,252 متاثرین صحت یاب ہو چکے ہیں۔ یہ اعداد و شمار جونز ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔

امریکا کے بعد اس وبائی مرض سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں برازيل، بھارت، میکسیکو اور پھر برطانیہ کا نمبر ہے۔

آبادی کے لحاظ سے کرونا سے اموات کا سب سے زیادہ تناسب پیرو کا ہے۔ یہاں اموات کا تناسب ہر ایک لاکھ افراد میں 100 اموات کا ہے۔ بلند ترین تناسب کی فہرست میں پیرو کے بعد بیلجیم، بولیویا، برازیل اور پھر ہسپانیہ کا نمبر ہے۔