سعودی عرب کی وزارتی کونسل نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے یمن سے مملکت کے شہری علاقوں کی جانب بارود سے لدے ڈرون طیاروں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سعودی کابینہ کا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت ورچوئل اجلاس ہوا۔اس کے بعد جاری کردہ بیان میں کابینہ نے کہا ہے کہ یمن سے حوثی ملیشیا سعودی عرب کے شہروں کی جانب منظم انداز میں ڈرون حملے کررہی ہے اور ان میں جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو ہدف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں سعودی عرب کی جانب ڈرون اور میزائل حملے تیز کردیے ہیں۔اس نے منگل کے روز بھی بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا تھا لیکن عرب اتحاد نے اس کو تباہ کردیا تھا۔
حوثی ملیشیا نے گذشتہ اتوار کو بھی یمن سے سعودی عرب کے جنوبی شہر نجران کی جانب ایک ڈرون چھوڑا تھا مگر سعودی فورسز نے بروقت سراغ لگا کر اس کو تباہ کردیا تھا۔