متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے بدھ کے روز یومیہ کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور کووِڈ-19 کے 1431 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔
یو اے ای میں ایک دن میں پہلی مرتبہ کووِڈ-19 کے 1400 سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ منگل کے روز 1315 کیسوں کا اندراج کیا گیا تھا۔ وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب کرونا وائرس کے کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 110039 ہوگئی ہے۔ان میں سے 101659 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1652 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی بھی اطلاع دی ہے جبکہ اس مہلک وائرس کا شکار دو افراد وفات پاگئے ہیں۔اب یو اے ای میں کووِڈ-19 سے اموات کی تعداد 450 ہوگئی ہے۔
متحدہ عرب امارات میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ لوگ اس مہلک وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی پاسداری نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے وہ کووِڈ -19 کے مرض کا شکار ہورہے ہیں۔
وزارت صحت کے حکام نے شہریوں اور مکینوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔گھروں سے باہر عوامی مقامات پر چہرے پر ماسک پہن کررکھیں،اس کو صرف کھانے ، پینے کے وقت اتاریں اور سماجی میل جول میں ایک دوسرے سے دو میٹر کا فاصلہ برقرار رکھیں۔