امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ریاست فلوریڈا میں واقع کاؤنٹی ویسٹ پام بیچ میں قبل ازوقت اپنا ووٹ ڈال دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں واقع پام بیچ کاؤنٹی پبلک لائبریری میں قائم پولنگ مرکز میں ہفتے کی صبح اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔اس کاؤنٹی میں بھی ان کا اپنا گھر ہے اور وہ اپنے آبائی شہر نیویارک سے وہاں منتقل ہوئے ہیں۔
صدارتی انتخابات میں ان کا ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوزف بائیڈن سے مقابلہ ہے۔ انھوں نے پولنگ مرکز سے باہر نکلنے کے بعد کہا:’’ میں نے ٹرمپ نامی شخص کو ووٹ دیا ہے۔‘‘
انھوں نے صحافیوں سے مختصر گفتگو میں کہا کہ ’’یہ ووٹ ڈالنے کا محفوظ طریقہ ہے۔ہر چیز بالکل ٹھیک اور درست تھی۔یہ ووٹ (ڈاک کے ذریعے) بھیجنے سے زیادہ محفوظ ہے۔‘‘لیکن انھوں نے اب تک ایسا کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا ہے کہ ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے ووٹوں سے کیونکر فراڈ ہوسکتا ہے۔
انھوں نے پولنگ مرکز میں ووٹ ڈالنے کے لیے جاتے وقت چہرے پر ماسک پہن رکھا تھا۔انھیں امریکا میں کرونا وائرس کی وَبا پھیلنے کے بعد سے کم ہی چہرے پر ماسک پہنے ہوئے دیکھا گیا ہے حالانکہ وہ خود حال ہی میں اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی سمیت امریکا کی پچاس ریاستوں کے مختلف علاقوں میں قبل از وقت ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔اب تک قریباً ساڑھے پانچ کروڑ امریکی صدارتی چناؤ میں قبل ازوقت ووٹ ڈال چکے ہیں۔اس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ امریکی ووٹر کرونا وائرس کے خطرے سے دوچار ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
صدر ٹرمپ آج تین ریاستوں نارتھ کیرولینا ، اوہائیو اور ویسکونسن کے دورے کررہے ہیں۔وہ وہاں انتخابی ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ان ریاستوں میں بھی قبل از وقت ووٹ ڈالے جارہے ہیں جبکہ تمام ریاستوں میں پولنگ کا عمل تین نومبر کو مکمل ہوگا۔
وہ اور ان کے حریف جو بائیڈن زیادہ سے زیادہ امریکی ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور وہ مختلف ریاستوں کے طوفانی دورے کررہے ہیں۔اب تک رائے عامہ کے مختلف جائزوں کے مطابق جو بائیڈن کو صدر ٹرمپ پر واضح برتری حاصل ہے۔
صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران میں دونوں حریف صدارتی امیدوار ایک دوسرے کے خلاف تابڑ توڑ حملے کررہے ہیں اور ایک دوسرے کے بارے میں یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر حریف امیدوار کامیاب ہوگیا تو وہ امریکا کو تباہ کردے گا۔صدر ٹرمپ نے اپنی ایک تازہ ٹویٹ میں جو بائیڈن کو ایک بدعنوان سیاست دان قرار دیا ہے جبکہ مؤخرالذکر نے اوّل الذکر کو کرپٹ اور نااہل قرار دیا ہے۔
"I voted for a guy named Trump", says President Trump after casting his vote for the US election pic.twitter.com/OVuhYbssJw
— The Sun (@TheSun) October 24, 2020