کرونا کی وبا کا جن مسلسل بے قابو ہے اور پوری دنیا اور عالمی ادارے مل کر اس وبا کو قابو کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ اب تک کرونا کی روک تھام کے لیے کوئی قابل ذکر پیش رفت نہیں ہو سکی مگر دنیا کے ایک پسماندہ اور غریب ملک وینزویلا نے ایک ایسی انسداد کرونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو وبا کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو نے کہا کہ وینزویلا انسٹی ٹیوٹ برائے سائنسی ریسرچ کے سائنسدانوں نے ایک ایسی دوا تیار کی ہے جو کسی بھی سائیڈ افیکٹ سے محفوظ ہے اور کرونا کی وبا کو جڑ سےاکھاڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ چند روز کے اندر اندر یہ ویکسین عالمی ادارہ صحت کو توثیق کے لیے پیش کریں گے تاکہ پوری دنیا پر یہ ثابت ہو سکے کہ وینزویلا کرونا وبا کی روک تھام کے لیے ویکسین کی تیاری میں کامیاب ہو چکا ہے۔
مادورو نے وضاحت کی کہ یہ دوا DR10 کے نام سے مشہور دوائی سے تیار کی گئی ہے جو ہیپاٹائٹس سی کے علاج میں استعمال ہوتی ہے اور ساتھ ہی HPV اور "انسانی پیپیلوما وائرس" کے علاج کے لیے موثر سمجھی جاتی ہے۔ اسے مشہور "ایبولا" وائرس کے علاج کے لیے بھی کامیاب دوائی قرار دیا گیا ہے۔ اسی دوا کے ذریعے بڑے پیمانے پر کینسر پر بھی قابو پایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم عالمی ادارہ صحت کی منظوری حاصل کریں گے تو ہم بڑی مقدار میں یہ دوائی تیار کرنے کے لیے بین الاقوامی اتحاد کی تلاش شروع کریں گے۔ صدر مادورو کا کہنا تھا کہ مذکورہ دوائی کو گذشتہ چھ ماہ کے دوران اسے تجرباتی طور پر استعمال کیا گیا۔