انگولا سے تعلق رکھنے والی براعظم افریقا کی دولت مند ترین خاتون Isabel dos Santos نے ٹویٹر پر اپنی ایک سیلفی پوسٹ کی ہے۔ جمعرات کو لی گئی اس تصویر میں 47 سالہ خاتون دبئی میں اپنے شوہر اور (تین میں سے) ایک بچے کے ساتھ نظر آ رہی ہیں۔
سینٹوز نے یہ تصویر اس خبر کے علم میں آنے کے پانچ گھنٹے بعد پوسٹ کی جس میں انہیں بتایا گیا تھا کہ ان کے 48 سالہ شوہر Sindika Dokolo دبئی میں اپنے پسندیدہ کھیل غوطہ خوری کے دوران ڈوب کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ڈوکولو کا تعلق ڈیموکریٹک کانگو کے دارالحکومت کینشاسا سے ہے۔ خیال ہے کہ ان کی موت دل کا دورہ پڑنے کے سبب ہوئی۔
ڈوکولو ایک سرگرم سیاسی کارکن اور نوادرات اور فن پاروں کو بڑے پیمانے پر جمع کرنے والی شخصیت تھے۔ ڈوکولو کو 2002 میں اس وقت شہرت ملی جب ان کی شادی اس وقت کے انگولا کے صدر جوزے ایڈورڈو ڈوس سینٹوز کی بیٹی سے ہوئی۔ جوزے 1979ء سے 2017ء میں اپنی وفات تک انگولا کے صدر رہے۔ انہوں نے 75 برس کی عمر پائی۔ پرتگال اور انگولا کے میڈیا کے مطابق ڈوکولو کے پاس افریقا کے جدید فن کاروں کے 5 ہزار سے زیادہ فن پارے تھے۔
امریکی معروف اقتصادی جریدے "فوربز" کے مطابق ڈوکولو کی اہلیہ ایسابل ڈوس سینٹوز کی دولت 1.5 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ علاوہ ازیں ان کا اپنے شوہر کے ساتھ افریقا، چین، امریکا، یورپ اور مشرق وسطی میں مشترکہ کاروبار بھی ہے۔ ان کے کاروباری سیکٹروں میں بینکنگ، سیمنٹ، تیل اور قیمتی جواہرات شامل ہیں۔
اس کے علاوہ 3.5 کروڑ ڈالر کی ایک پُر تعیش کشتی، مونٹی کارلو میں 5.5 کروڑ ڈالر سے زیادہ مالیت کا ایک محل اور لندن میں دوسرا محل، انگولا کی مواصلاتی کمپنی Unitel میں 25% حصص، پرتگال کے دارالحکومت لشبونہ میں واقع Euro Bic bank کے 42.5% حصص اور 4 براعظموں میں دیگر جائیداد شامل ہے۔
ڈوکولو 2022ء میں ڈیموکریٹک کانگو کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے۔ تاہم ان کی لاش کو دبئی میں سمندر سے نکالا گیا۔ ڈوکولو نے اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ دبئی میں قیام اختیار کیا ہوا تھا۔