ترکی اور یونان کے ساحلی علاقوں میں تباہ کن زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے اور 800 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ترکی کے تیسرے بڑے شہر ازمیر میں جمعہ کی سہ پہر زلزلہ آیا تھا اور اس کے بعد ضلع سیفری حصار اور یونان کے جزیرے ساموس میں سونامی کی لہریں پیدا ہوئی ہیں اورزلزلے کے سیکڑوں جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
ازمیر میں زلزلے سے متعدد عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔ان میں ایک آٹھ منزلہ اپارٹمنٹ عمارت بھی شامل ہے۔ہفتے کی صبح کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اس عمارت کے تباہ شدہ ملبے سے ایک نوجوان کو نکالا گیا ہے۔اس کے ملبے تلے افراد کے دوست اور رشتہ دار امدادی سرگرمیوں کے دوران میں وہیں موجود رہے ہیں اور وہ ان کی زندہ بچ جانے کی خوش خبری سننے کے منتظر تھے۔ایک دو منزلہ عمارت کے ملبے سے دوعورتوں کو نکالا گیا ہے۔ان کی عمریں 53 اور 35 سال بتائی گئی ہے۔
ترکی کی ڈیزاسٹر اور ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ازمیر میں زلزلے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔یونان کے جزیرے ساموس میں زلزلے کے بعد دیوار گرنے سے دو نوجوان ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے ہیں۔
یونان کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ ایک شدید زخمی 14 سالہ لڑکے کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایتھنز منتقل کردیا گیا ہے اور سات زخمی جزیرے ہی میں زیرعلاج ہیں۔
ترکی میں ایجیئن کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے والے سونامی طوفان سے یونانی جزیرہ ساموس بھی متاثر ہوا ہے۔حکام نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ساحلی علاقے اور تباہ شدہ عمارت سے دور رہیں۔
ترکی کے قندیلی انسٹی ٹیوٹ کے مطابق ریختر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6۰9 تھی اور یہ جمعہ کی سہ پہر 2 بج کر51 منٹ آیا تھا اور اس کا مرکز ایجیئن سے شمال مشرق میں ساموس میں تھا۔زلزلے کے جھٹکے یونانی جزیرے سے ایتھنز اور بلغاریہ تک محسوس کیے گئے ہیں۔
ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔تاہم شہر میں کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔حکام نے ازمیر کے مکینوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ تباہ شدہ عمارتوں میں نہ لوٹیں کیونکہ زلزلہ کے بعدازجھٹکوں سے خطرہ ہوسکتا ہے۔