.

اسرائیل کی تین فضائی کمپنیاں دسمبر سے دبئی، تل ابیب روٹ پر براہِ راست پروازیں چلائیں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسرائیل کی تین فضائی کمپنیاں دسمبر سے تل ابیب اور دبئی کے درمیان براہِ راست پروازیں چلائیں گی۔

دبئی ائیرپورٹس کے ایک بیان کے مطابق اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ایل آل روزانہ دو پروازیں چلائے گی۔اسریر کی ہفتے میں ان دونوں شہروں کے درمیان چھے پروازیں ہوں گی اور آرکیا روزانہ ایک پرواز چلائے گی۔

دبئی کے دونوں ہوائی اڈوں کے انتظام وانصرام کے ذمہ دار ادارے دبئی ائیرپورٹس نے بدھ کو اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’’ایل آل بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کو اپنی سروس کے لیے استعمال کرے گی۔اسریر دونوں شہروں کے درمیان ائیربس اے 320 اڑائے گی اور آرکیا اپنی روزانہ کی ایک پرواز کے لیے ایمبرائر ای 195 ای جیٹ ائیرکرافٹ استعمال کرے گی۔‘‘

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے ستمبر میں معمول کے دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدے پر دست خط کیے تھے۔اس کے بعد دونوں ملکوں کے حکام نے فضائی روابط استوار کرنے اور دوطرفہ پروازیں چلانے کے لیے سمجھوتے طے کیے تھے۔یو اے ای کے علاوہ بحرین نے بھی اسرائیل سے دوطرفہ تعلقات کے قیام کے لیے امن معاہدہ طے کیا تھا۔

دبئی ائیرپورٹس کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹوآفیسر (سی ای او) جمال الحیی نے ان تاریخی معاہدوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ان کے بعد بہت سی توقعات وابستہ کی گئی ہیں۔طرفین نے فضائی رابطے کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے اور ان توقعات کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔‘‘

امارت دبئی کی سرکاری ملکیتی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے گذشتہ ہفتے اسی ماہ سے تل ابیب کے لیے ہفتے میں دو پروازیں چلانے کا اعلان کیا تھا۔ دبئی کی ملکیتی اور یو اے ای کی سب سے بڑی فضائی کمپنی امارات (ایمریطس) ائیرلائن فلائی دبئی سروس کے ساتھ ایک مشترکہ سمجھوتے کے تحت اسرائیل جانے اور وہاں سے آنے والے مسافروں کو ٹکٹ فروخت کرے گی۔