.

جدہ میں غیرمسلموں کے قبرستان میں تقریب پرحملہ ، دو افراد زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں غیر مسلموں کے لیے مختص قبرستان میں بدھ کو ایک تقریب پر حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔مکہ گورنری کے حکام نے بتایا ہے کہ اس حملے میں یونانی سفارت خانہ کا ایک ملازم اور سعودی عرب کا ایک سکیورٹی گارڈ معمولی زخمی ہوا ہے۔

العربیہ کے نمایندے نے اطلاع دی ہے کہ اس حملے کے بعد قبرستان الخواجات کو محفوظ بنالیا گیا ہے اور وہاں اب صورت حال مستحکم ہے۔

حکام کے مطابق قبرستان میں یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا ہے جب مختلف غیرملکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے ارکان وہاں پہلی عالمی جنگ کے خاتمے کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں شریک تھے۔تاہم انھوں نے واقعہ کی مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

الریاض میں فرانس ، یونان ، اٹلی ، برطانیہ اور امریکا کے سفارت خانوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے اور اس میں کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے حکام کی اس حملے اور اس کے ذمے داروں کے خلاف تحقیقات کی حمایت کرتے ہیں۔

ان سفارت خانوں نے اس حملے کے فوری بعد سعودی حکام کا ان کے سریع الحرکت ردعمل پر پر شکریہ ادا کیا ہے۔انھوں نے حملہ کی جگہ پر موجود ہر شخص کی مدد کی۔سعودی سکیورٹی فورسز نے قبرستان کا فوری طور پر محاصرہ کر لیا تھا اور اس کو محفوظ بنالیا ہے۔

الاخباریہ ٹی وی نے سکیورٹی فورسز کی ایک فوٹیج نشر کی ہے۔انھوں نے قبرستان کو اپنے حصار میں لے رکھا ہے۔

العربیہ کے مطابق الخواجات قبرستان میں برطانوی اور پرتگیزی فوجیوں سمیت مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد مدفون ہیں۔