ہیگ میں سعودی سفارت خانہ پربزدلانہ حملے مذمت ،نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار
نیدرلینڈز کے شہر ہیگ میں سعودی عرب کےسفارت خانے کو جمعرات کو علی الصباح ایک بزدلانہ حملے میں ہدف بنانے کی کوشش کی گئی ہے اور نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
سعودی سفارت خانے نے ایک بیان میں اس واقعے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ’’فائرنگ کے رونما ہوتے ہی ایمبیسی کے سکیورٹی اہلکاروں نے ڈچ سکیورٹی حکام کو مطلع کردیا تھا۔اس کے بعد ہیگ میں سعودی سفارت خانے کی جانب جانے والی شاہراہ کو بند کردیا گیا اور اضافی سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔‘‘
سفارت خانے نے سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں مزید کہا ہے کہ اس کا کوئی ملازم واقعے میں زخمی نہیں ہوا ہے۔اس نے ڈچ حکام کا واقعے کے فوری بعد ردعمل پر شکریہ ادا کیا ہے اور نیدرلینڈز میں مقیم تمام سعودی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
قبل ازیں ڈچ پولیس نے کہا تھا کہ ہیگ میں واقع سعودی سفارت خانے کی جانب متعدد گولیاں چلائی گئی ہیں لیکن اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور پولیس اس کی تحقیقات کررہی ہے۔
ترجمان اسٹیون وان سانتین نے بتایا ہے کہ پولیس کو علی الصباح چھے بجے کے قریب الرٹ کیا گیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ سفارت خانے کی عمارت پر فائرنگ کی جارہی ہے۔پولیس افسروں نے بعد میں عمارت کے باہر سے گولیوں کے متعدد خول اکٹھے کیے ہیں۔
مقامی میڈیا نے سفارت خانے کی کھڑکیوں پر گولیوں کے نشانات اور سوراخوں کی تصاویر نشر کی ہیں۔فوری طور پر سعودی سفارت خانے پر حملہ کرنے والے مشتبہ ملزم/ملزموں کے محرک کا پتا نہیں چلا سکا۔پولیس نے کہا ہے کہ واقعے کا اگر کوئی عینی شاہد ہے تو وہ سامنے آئے اور اس کے بارے میں بتائے۔