یواے ای اوراسرائیل میں انسدادِ جرائم اورسکیورٹی سے متعلق مشترکہ ٹیم کی تشکیل پراتفاق
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے وزراء داخلہ نے انسداد جرائم کے پروگراموں اور سیفٹی خدمات وضع کرنے کی غرض سے ایک مشترکہ ٹیم کی تشکیل سے اتفاق کیا ہے۔
یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرداخلہ الشیخ سیف بن زاید آل نہیان نے اپنے اسرائیلی ہم منصب امیر اوہانا سے ایک ورچوئل اجلاس میں بین الاقوامی جرائم سے نمٹنے کے لیے مشترکہ منصوبوں اور پروگراموں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں وزراء نے شہری دفاع سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔انھوں نے اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ ٹیم کی تشکیل سے اتفاق کیا ہے۔وہ مستقبل میں مختلف منصوبوں اور پروگراموں کو وضع کرنے کے لیے کام کرے گی۔
وام کی رپورٹ کے مطابق دونوں وزراء نے سکیورٹی اور تحفظ کی مشترکہ خدمات کے ذریعے اسرائیل اور یو اے ای میں اقتصادی اور سیاحتی شعبوں کی ترقی کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل درمیان ستمبر میں معمول کے دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا تھا۔اس کے بعد سے دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے کئی ایک سمجھوتوں پر دست خط کیے ہیں۔
ان میں دونوں ملکوں کے درمیان فضائی روابط اور دوطرفہ پروازیں چلانے کے لیے سمجھوتے بھی شامل ہیں۔ایک روز پہلے ہی یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ اسرائیل کی تین فضائی کمپنیاں دسمبر سے تل ابیب اور دبئی کے درمیان براہِ راست پروازیں چلائیں گی۔دبئی ائیرپورٹس نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا تھا کہ اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ایل آل روزانہ دو پروازیں چلائے گی۔اسریر کی ہفتے میں ان دونوں شہروں کے درمیان چھے پروازیں ہوں گی اور آرکیا روزانہ ایک پرواز چلائے گی۔