ایران کے شمال مغربی علاقے میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین سرحدی محافظ ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔
ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا نے ہفتے کے روز مغربی صوبہ آذربائیجان میں بارڈر گارڈ کے کمانڈر یحییٰ حسین خانی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’انقلاب مخالف مسلح عناصر کی اُرمیہ رجمنٹ کے بارڈر گارڈز کے ساتھ جھڑپ ہوئی ہے۔‘‘
یہ جھڑپ ایران کی ترکی کے ساتھ واقع شمال مغربی سرحد سے کوئی سولہ کلومیٹر دور واقع ترگیور کے علاقے میں ہوئی ہے۔کمانڈر نے مزید بتایا ہے کہ ’’سرحدی محافظوں نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کردیا ہے،ان کی ایرانی علاقے میں دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے اور انھیں نمایاں جانی نقصان پہنچایا ہے۔‘‘
ایران کے مغربی صوبہ آذربائیجان کی عراقی کردستان کے ساتھ بھی سرحد ملتی ہے۔سپاہِ پاسداران انقلاب ایران نے اگست میں اسی علاقے میں تین مسلح دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کی اطلاع دی تھی اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کے امریکا سے روابط تھے۔اسی علاقے میں ایرانی فورسز کی کرد جنگجوؤں سے بھی وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔