.

ٹرمپ نے سائبر سیکورٹی کے ڈائریکٹر کو برطرف کردیا !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز سائبر سیکورٹی اور انفرا اسٹرکچر سیکورٹی کے ڈائریکٹر کرس کربز کو ان کے عہدے سے فارغ کر دیا۔

اس حوالے سے اپنی ٹویٹ میں ٹرمپ نے کہا ہے کہ "کرس کربز کی جانب سے 2020ء کے انتخابات کی سیکورٹی کے حوالے سے جاری حالیہ بیان درست نہیں ہے کیوں کہ انتخابات میں وسیع پیمانے پر خلاف ورزیاں اور دھاندلی ہوئی ... لہذا سائبر سیکورٹی اور انفرا اسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر کو ان کے منصب سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گا"۔

ٹرمپ کی ٹویٹ کے چند منٹوں بعد ہی کرس کربز نے ٹویٹر پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ "ایجنسی میں خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ہم نے امور میں اچھی طرح کامیابی حاصل کی"۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 13 نومبر کو امریکی انتخابی حکام نے ووٹوں کی گمشدگی، ان کی تبدیلی یا صدارتی انتخابات کے دوران انتخابی نظام میں خامیوں کی تردید کر دی تھی۔ اس حوالے سے سائبر اینڈ انفرا اسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی سمیت مقامی اور قومی حکام نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ " تین نومبر کے انتخابات امریکا کی تاریخ میں سب سے زیادہ محفوظ انتخابات تھے"۔

یاد رہے کہ امریکا میں بعض رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ "ڈومینیئن" کے نام سے ووٹنگ نظام نے پورے ملک میں 27 لاکھ ووٹوں کو حذف کر دیا۔ تاہم دلائل اس دعوے کو ثابت نہیں کر سکے ہیں۔