رواں سال 'مِس بولیویا" کا تاج اپنے سر پر سجانے والی حسینہ لبنانی نژاد ہے۔ گذشتہ ہفتے کے روز بولیویا کے دارالحکومت لاپاس میں ہونے والے مقابلہ حسن میںLenka Nemer نے 20 حریفوں پر برتری حاصل کی۔
لنکا النمر کی عمر 23 برس ہے۔ اس سے قبل وہ بولیویا کے دارالحکومت کی سطح پر مقابلہ حسن جیت چکی ہیں۔ لنکا ایک مقامی یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے شعبے کی طالبہ ہیں۔ ان کا قد 176 سینٹی میٹر ہے۔ مقامی اخبارLos Tiempos کی ویب سائٹ رپورٹ کے مطابق لنکا کے گھر کی خواتین مقابلہ حسن میں شرکت کرتی رہی ہیں۔ لنکا کی ایک بہن حالیہ مقابلے میں شریک تھیں مگر وہ ابتدائی کوالیفائنگ راؤنڈ میں باہر ہو گئیں۔ لنکا کی والدہ اپنی شادی سے قبل بولیویا کے شہر سانٹا کروز ڈی لا سییرا میں ہونے والے اسپورٹس بیوٹی کونٹیسٹ میں فتح کا تاج اپنے سر پر سجا چکی ہیں۔
لنکا کو فرانسیسی اور انگریزی کے علاوہ ہسپانوی زبان بھی آتی ہے۔ ساتھ ہی وہ عربی کے چند الفاظ اور جملے بھی بول لیتی ہیں۔ انہیں وائلن بجانے کا شوق ہے۔ مقابلے کی جیوری کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں لنکا کا کہنا تھا کہ "آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے تعلیم و تربیت سے زیادہ طاقت ور کوئی ہتھیار نہیں ہے۔ تعلیم کے ذریعے ہم تشدد بالخصوص خواتین پر جبر و تسلط کے انسداد میں کامیاب ہو سکتے ہیں"۔
لنکا النمر آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں ہونے والے مِس یونیورس کے مقابلہ حسن میں بولیویا کی نمائندگی کریں گی۔