روس ضرورت مند ممالک کو کرونا وائرس کی ویکسین مہیّا کرنے کو تیار ہے:صدر پوتین

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

روس کرونا وائرس کے علاج کے لیے تیار کردہ اپنی ویکسین ضرورت مند ممالک کو مہیّا کرنے کو تیار ہے۔وہ ہفتے کے روز جی 20 کی ورچوئل اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

کریملن کے مطابق انھوں نے اپنی ورچوئل تقریر میں کہا کہ ’’مؤثر اور محفوظ ویکسین ہر کسی کو دستیاب ہونی چاہیے،روس ضرورت مند ممالک کو اپنی تیار کردہ کرونا وائرس کی ویکسین مہیا کرنے کو تیار نہیں۔‘‘

انھوں نےکہا کہ ’’روس اس سربراہ اجلاس کے ہر کسی کو محفوظ اور مؤثر ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے سے متعلق مجوزہ فیصلے کی تائید کرتا ہے۔بلاشبہ ویکسینیں تمام لوگوں کو ملنی چاہییں۔‘‘

انھوں نے اعلان کیا کہ ’’روس دنیا کی پہلی رجسٹرڈ ویکسین سپوتنک پنجم ضرورت مند ممالک دے گا۔روس کی دوسری ویکسین ایپی ویک کرونا بھی تیار ہے۔یہ نوووسبریسک ریسرچ سنٹر نے تیار کی ہے۔روسی ساختہ تیسری ویکسین بھی آنے والی ہے۔‘‘

عظیم کسادبازی

روسی صدر نے کرونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی بحران کے بارے میں بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ہے اور اس کو گذشتہ صدی کی عالمی کساد بازاری کے ہم پلہ قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’’بنی نوع انسان کو 2020ءمیں جس سطح کے مسائل کا سامنا ہوا ہے،وہ درحقیقت بے نظیر ہیں۔کرونا وائرس کی وبا ،عالمی سطح پر لاک ڈاون اور معاشی سرگرمیوں کی معطلی نے ایک منظم اقتصادی بحران کو جنم دیا ہے۔دنیا میں عظیم کسادبازاری کے بعد ایسی اور کوئی مثال نہیں ملتی۔‘‘

ولادی میر پوتین کا کہنا تھا کہ ’’بعض مثبت اشاروں کے باوجود بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی غربت عالمی برادری کے لیے بڑے چیلنج ہیں۔جی 20 کا کردار اس چیلنج سے نمٹنا ہے۔اس گروپ کو عالمی ادارہ تجارت (ڈبلیو ٹی او) میں اصلاحات کے لیے مشترکہ حکمت عملیاں وضع کرنے اور ان پر عمل درآمد کی ضرورت ہے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ’’موجودہ درپیش چیلنجز کے پیش نظر ایک مستحکم ، مؤثراورکثیرجہت تجارتی نظام کے بغیر اس مقصد کا حصول ناممکن ہے۔یہ نظام آفاقی قواعد اور اصولوں پر مبنی ہونا چاہیے اور اس وقت ڈبلیو ٹی او کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ہمیں فی الوقت یک طرفہ طور پر پابندیاں عاید کرنے کے رویّے کو ترک کرنے اور رسدی زنجیروں کی بحالی کی ضرورت ہے۔‘‘

مقبول خبریں اہم خبریں