مشکل حالات میں G-20 اجلاس کی صدارت پر شاہ سلمان کا شکر گزار ہوں: بورس جانسن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے سعودی عرب کے جی - 20 سربراہ اجلاس کی صدارت کرنے پر سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

العربیہ نیوز چینل کی اسکرین پر خصوصی پیغام میں جانسن نے کہا کہ "ہم نے دنیا بھر میں کرونا ویکسین کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھی ہے۔ میں جی ٹوئنٹی گروپ کے ممالک کی جانب سے ویکسین کی دستیابی کے سلسلے میں ہونے والے اقدامات کی سپورٹ دیکھنا چاہتا ہوں"۔

جانسن نے برطانیہ میں کرونا ویکسین کے سلسلے میں اقدامات میں پیش رفت کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ نے ملک میں صنعتی انقلاب کے لیے 10 نکاتی منصوبے کی مںظوری دی ہے۔

جانسن کے مطابق برطانیہ نے کرونا کی وبا کے نتائج کا سامنا کرنے کے لیے مالی اور اقتصادی تدابیر کے ایک پیکج کی منظوری دی ہے۔

برطانوی وزیر اعظم نے انکشاف کیا کہ اگر حالات اجازت دیتے تو وہ سعودی عرب کے شہر نیوم کا دورہ کرنے کے خواہاں تھے۔ جانسن نے نیوم کو "مستقبل کا سب سے زیادہ ماحول دوست شہر" قرار دیا۔

جانسن نے جی ٹوئنٹی گروپ کے ممالک پر زور دیا کہ وہ مختلف چیلنجوں کا سامنا کرنے، کرونا کی وبا پر قابو پانے اور اس کے اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جرات مندانہ ارادوں کا اظہار کریں۔

جی ٹوئنٹی گروپ کا سربراہ اجلاس آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی میزبانی میں منعقد ہو رہا ہے۔ دو روزہ اجلاس ہفتے اور اتوار کو جاری رہے گا۔ وڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے منعقد ہونے والا یہ اجلاس عرب دنیا کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا اجتماع ہے۔

جی ٹوئنٹی کے 15 ویں سربراہ اجلاس کی صدارت شاہ سلمان بن عبدالعزیز کریں گے۔ کرونا وائرس کی عالمی صورت حال کی روشنی میں یہ اجلاس ورچوئل صورت میں منعقد ہو رہا ہے۔ اجلاس میں متعدد ممالک کے قائدین اور بین الاقوامی اور علاقائی تنظیمیں شریک ہو رہی ہیں۔

اجلاس کے ایجنڈے میں متعدد معاملات ہیں جن میں توانائی، ماحولیات، ڈیجیٹل اکانومی، صحت اور تعلیم نمایاں ترین ہیں۔

چوں کہ اس بار جی ٹوئنٹی اجلاس ورچوئل طریقے سے منعقد ہو رہا ہے لہذا جی ٹوئنٹی گروپ کی پریذیڈنسی کے سکریٹریٹ نے گروپ کی قیادت کی ایک ورچوئل اجتماعی تصویر ڈیزائن کی ہے۔ تصویر کو سعودی عرب کے شہر الدرعیہ میں الطریف کے علاقے کی دیوار پر پیش کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد یہ بات تاریخی طور پر محفوظ کرنا ہے کہ اجلاس کا انعقاد سعودی عرب میں ہوا۔

مقبول خبریں اہم خبریں