سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ بیس بڑی عالمی معیشتوں پر مشتمل گروپ 20 نے دنیا میں پھیلنے والی کرونا وائرس کی وَبا کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے کوششوں کے ضمن میں اپنی مضبوطی اور اہلیت ثابت کردی ہے۔
انھوں نے یہ بات ہفتے کے روز جی 20 کے سربراہ اجلاس کے آغاز سے چندے قبل ایک ٹویٹ میں کہی ہے۔وہ الریاض سے اس گروپ کے ورچوئل سربراہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں۔انھوں نے کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے تمام ملکوں کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زوردیا ہے اور اب تک گروپ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔
شاہ سلمان نے کہا کہ ’’ ہماری ذمہ داری یہ رہی ہے اور رہے گی کہ ہم تمام لوگوں کے لیے ایک بہتر ، صحت مند اور خوش حال مستقبل کی جانب آگے بڑھیں۔‘‘
Good morning from Riyadh. Today, world leaders will join forces to realize opportunities of the 21st century for all.#G20RiyadhSummit pic.twitter.com/c6zuYprFFF
— G20 Saudi Arabia (@g20org) November 21, 2020
ماضی میں گروپ بیس کے سربراہ اجلاس بالمشافہ منعقد ہوتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے آن لائن اجلا س ہورہا ہے اور اس میں دنیا کو درپیش ماحولیاتی مسائل اور بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات سمیت مختلف مسائل پر غور کیا جارہا ہے لیکن کرونا کی وبا ،اس کے عالمی معیشت پر اثرات اوراس کی بحالی کے لیے اقدامات کانفرنس کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب جی 20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا عرب ملک ہے۔اس نے اس گروپ کے صدر ملک کی حیثیت سے موجودہ نامساعد حالات کے باوجود اپنی قائدانہ صلاحیتوں کا سکہ منوایا ہے۔