.

سعودی عرب میں ہرکسی کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت دستیاب ہوگی:وزارتِ صحت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں رہنے والے ہر فرد کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کی جائے گی۔

سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل الاخباریہ نے وزارت صحت کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’’مملکت میں 2021ء کے آخر تک کرونا وائرس کی ویکسینیں وافر تعداد میں دستیاب ہوں گی اور یہ ملک کی 70 فی صد آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘

البتہ وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹرمحمدعبدالعالی نے روزانہ کی نیوز بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ’’کوئی بھی ویکسین محفوظ ، مؤثر اور متعلقہ حکام سے منظور شدہ ہونی چاہیے۔‘‘

دریں اثناء وزارتِ صحت نے منگل کے روز مملکت میں کرونا وائرس کے 252 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے جبکہ پہلے سے اس مہلک وائرس کا شکار 15 مریض وفات پا گئے ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے 495 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔مملکت میں اب تک کرونا وائرس کے کل 355741 کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ان میں سے 344311 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 5811 مریض وفات پا چکے ہیں۔

سعودی عرب کی صدارت میں دنیا کی بیس بڑی معیشتوں پر مشتمل گروپ کے لیڈروں نے کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے علاج کی ویکسین کی شفاف اور منصفانہ انداز میں دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے۔

ان لیڈروں نے اتوار کو الریاض میں ورچوئل سربراہ اجلاس کے بعد اپنے حتمی اعلامیے میں کہا ہے کہ انھوں نے عالمی صحت کو درپیش خطرے سے نمٹنے کے لیے کووِڈ-19 کی تشخیص، ویکسین کی تیاری اور اس کی محفوظ تقسیم کے لیے وافر وسائل مہیا کیے ہیں۔

اب تک امریکا ، برطانیہ اور روس میں چارویکسینوں کی کامیاب اور مؤثرآزمائش کی اطلاع دی ہے۔برطانوی دوا ساز کمپنی آسٹرا زینیکا نے گذشتہ اتوار کو اطلاع دی ہے کہ اس کی تیارکردہ ویکسین کووِڈ-19 کے علاج میں 90 فی صد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

اس برطانوی کمپنی کی ویکسین سے قبل امریکا کی دو اور روس کی تیارکردہ ایک ویکسین کی کامیاب جانچ کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔16 نومبر کو امریکا کی دوا ساز کمپنی ماڈرنا نے اپنی ویکسین کے آزمائشی جانچ میں 94۰5 فی صد تک مؤثر ہونے کی اطلاع دی تھی۔

روس نے 9نومبر کو یہ اطلاع دی تھی کہ اس کی تیار کردہ ویکسین سپوتنک پنجم کرونا وائرس کے علاج کی کلنیکی آزمائش میں 90 فی صد سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ امریکا کی ایک اور دوا ساز کمپنی فائزر نے بھی 9 نومبر کو کووِڈ-19 کے علاج کے لیے تیار کردہ ویکسین کے 90 فی صد سے زیادہ مؤثر ہونےکی اطلاع دی تھی۔فائزر نے جرمنی کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے یہ ویکسین تیار کی ہے۔