عراق کی وزارتِ خارجہ نے ایران کی حمایت یافتہ یمن کی حوثی ملیشیا کے سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں پٹرولیم مصنوعات کے اسٹیشن پر حملے کی مذمت کی ہے۔
وزارتِ خارجہ نے منگل کے روز ایک مذمتی بیان میں عراق کے اس مؤقف کا اعادہ کیا ہے کہ ’’وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف ہے اور خطے میں کسی قسم کی کشیدگی میں اضافے کو مسترد کرتا ہے۔‘‘
بیان میں ’’عراق نے (یمن میں جاری) بحران کے پُرامن طریقے اورمذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے تاکہ خطے میں سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنایا جاسکے۔‘‘
ایران کے حمایت یافتہ یمنی حوثیوں نے جدہ میں واقع پیٹرولیم مصنوعات کے ایک تقسیمی اسٹیشن پر راکٹ داغا تھا جس سے اس میں آگ لگ گئی تھی۔
سعودی عرب کی وزارتِ توانائی کے ایک عہدہ دار نے قبل ازیں بتایا تھا کہ جدہ کے شمال میں واقع پیٹرولیم مصنوعات کے تقسیم کار اسٹیشن کے ایک فیول ٹینک میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی تھی۔
پاکستان ، اردن ، کویت اور متحدہ عرب امارات نے بھی حوثی ملیشیا کے جدہ میں اس پیٹرول اسٹیشن پر حملے کی مذمت کی ہے۔