ابوظبی: کووِڈ-19 کی ویکسین کے آزمائشی پروگرام کے شرکاء قرنطین سے مستثنا قرار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امارت ابو ظبی نے بیرون ملک سے آنے والے ایسے مسافروں کو قرنطین سے مستثنا قرار دے دیا ہے جنھوں نے کرونا وائرس کی ویکسین کی تیسرے مرحلے میں آزمائش میں معمول کے طور پر حصہ لیا ہے۔

ابوظبی میں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے کے لیے نافذ ضابطے کے تحت بین الاقوامی مسافر امارت میں آمد کے بعد 14 روز تک قرنطین میں رہنے کے پابند ہیں لیکن بدھ کو ابوظبی کے میڈیا دفتر نے ایک نیا ضابطہ جاری کیا ہے۔اس کے تحت کرونا وائرس کی ویکسین کے تیسرے مرحلے کی جانچ میں حصہ لینے والوں اور قومی ویکسی نیشن پروگرام میں ویکسین لگوانے والوں کو اب قرنطین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

Advertisement

متحدہ عرب امارات میں چین کی دواساز کمپنی سائنو فارم کی تیار کردہ کرونا وائرس کی ویکسین کی تیسرے مرحلے میں جانچ کی گئی ہے۔یہ ویکسین 30 ہزار سے زیادہ رضاکاروں کو لگائی گئی تھی۔اس کے بعد امارات کی حکومت نےقومی ویکسی نیشن پروگرام کے تحت اس ویکسین کے محدود ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی اور یہ طبی عملہ کے ارکان اور کووِڈ-19 کی وبا کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کرنے والے دوسرے کارکنان کو لگائی جارہی ہے۔

میڈیا دفتر کے اعلان کے مطابق ’’اس ویکسین کے ٹرائل میں حصہ لینے والوں کی الحوسن ایپ میں گولڈ اسٹار کے طور پر شناخت کی گئی ہے۔انھیں بیرون ملک سفر پر جاتے ہوئے اور ابوظبی میں آمد پر پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا لیکن انھیں اب قرنطین میں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔‘‘

الحوسن یو اے ای کی کووِڈ-19 کے نتائج اور اس سے متاثرہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے سرکاری ایپ ہے۔

پی سی آر ٹیسٹ

ابوظبی کے میڈیا دفتر نے وضاحت کی ہے کہ ویکسی نیشن پروگرام کے شرکاء کی الحوسن ایپ پر جاری کردہ خط ای میں شناخت کی گئی ہے۔انھیں بیرون ملک سے ابو ظبی کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔پھر امارت میں داخل ہونے کے چوتھے اور آٹھویں روز یہ ٹیسٹ دوبارہ اور سہ بارہ کرانا ہوگا۔

تاہم یواے ای میں شامل دوسرے امارتوں سے تعلق رکھنے والے ویکسین پروگرام کے شرکاء کو ابو ظبی میں داخلے پر پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور یہ نئی پابندی صرف بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر عاید کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ امارت ابوظبی نے کووِڈ-19 کو پھیلنے سے روکنے کے لیے چار نومبر کو پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی پابندی عاید کی تھی اور متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور مکینوں پرابوظبی میں داخل اور آٹھ روز تک یا اس سے زیادہ قیام کی صورت میں پی سی آر کے تین ٹیسٹ کرانے کی پابندی عاید کی تھی۔

امارت میں داخل ہونے کے خواہاں افراد کو پہلے کووِڈ-19 کاٹیسٹ کرانا ہوگا۔اس کا نتیجہ منفی ہونے کی صورت میں وہ 48 گھنٹے میں داخل ہوسکتے ہیں۔

ابوظبی میں آنے والے جو لوگ چوتھے اور آٹھویں روز پی سی آر ٹیسٹ کرانے میں ناکام رہیں گے تو ان پر جرمانہ عاید کیا جائے گا۔میڈیا دفتر کے مطابق یو اے ای میں جن رضاکاروں کو کووِڈ-19 کی ویکسین آزمائشی بنیادوں پر لگائی جارہی ہے،وہ ٹیسٹ کرانے کی اس پابندی سے مستثنا ہوں گے۔

مقبول خبریں اہم خبریں