.

برازیل کے صدر کا حفاظتی ماسک اور ویکسین کے استعمال سے انکار !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے اعلان کیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی ویکسین نہیں لیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز ایک بیان میں کہی۔ بیان کو سوشل میڈیا پر متعدد پلیٹ فارمز پر پوسٹ کیا گیا۔ صدر نے مزید کہا کہ غالبا کانگرس برازیلیوں سے ویکسین لینے کا مطالبہ نہیں کرے گی۔

اگرچہ کرونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات میں برازیل کا دنیا بھر میں دوسرا نمبر ہے تاہم صدر بولسونارو رواں سال جولائی میں خود اس وائرس میں مبتلا ہونے کے باوجود کئی ماہ تک کرونا کی وبا کو ہلکا جانتے رہے۔ انہوں نے چہرے کے ماسک کے استعمال کے مؤثر ہونے پر بھی بارہا اپنے شکوک کا اظہار کیا۔

گذشتہ ماہ اکتوبر میں بولسونارو نے ٹویٹر پر ازراہ مذاق کہا کہ کرونا کی ویکسین صرف ان کے کتے کے لیے مطلوب ہے۔

واضح رہے کہ برازیل میں صحت سے متعلق حکام نے کرونا وائرس سے متعلق چین کی ویکسین کے کلینیکل تجربات کو معلق کر دیا تھا۔ اس کی وجہ 29 اکتوبر کو پیش آنے والا ناخوش گوار واقعہ تھا۔ اس روز ویکسین کے تجربے میں شامل ایک رضاکار کی وفات کا اعلان کیا گیا۔

برازیل کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اب تک کرونا وائرس کے مصدقہ کیسوں کی تعداد 70 لاکھ کے قریب ہے جب کہ ان میں 1.62 لاکھ افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں۔