.

سعودی عرب :کووِڈ-19 کے 220 نئے کیسوں کی تشخیص ، 13مریض وفات پا گئے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 220 نئے کیسوں کی تشخیص کی اطلاع دی ہے۔وزارت صحت کے مطابق اب مملکت میں کرونا وائرس کے کل کیسوں کی تعداد 356911 ہوگئی ہے۔ان میں سے 5870 مریض وفات پا چکے ہیں۔

وزارتِ صحت نے ہفتے کے روز ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ 55 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔جدہ میں 28 ،مدینہ منورہ میں 15 اور مکہ مکرمہ میں 12 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

کرونا وائرس کے باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس وقت مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 5018 ہے، ان میں سے 675 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

دریں اثناء ماضی میں کووِڈ-19 کا شکار ہونے والے مزید 401 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اب تن درست ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 346023 ہوگئی ہے۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) میں شامل چھے ممالک میں 23 نومبر تک کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد دس لاکھ سے متجاوز ہو گئی تھی۔

جی سی سی میں شامل سعودی عرب میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں لیکن یکم جولائی کے بعد سے اس کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے۔تب یومیہ چار ہزار کے لگ بھگ یومیہ کیسوں کا اندراج کیا جارہا تھا۔

سعودی عرب نے ستمبر کے وسط میں بین الاقوامی پروازوں پرعاید پابندی جزوی طور ختم کردی تھی اور یہ اعلان کیا تھا کہ یکم جنوری سے غیرملکی شہریوں پر عاید تمام سفری پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔