.

یو اے ای کا قومی دن:ابوظبی کے شہریوں میں مکانوں،زمین اورقرضے کی مد میں 2 ارب ڈالرکی تقسیم

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امارت ابوظبی نے 2 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن سے قبل61 سو سے زیادہ شہریوں میں مکان یا زمین خرید کرنے کے لیے یا قرضے کی شکل میں سات ارب 20 کروڑ درہم (2 ارب ڈالر)کی رقوم تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ابوظبی کے میڈیا دفتر نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ ’’مکانات کے فوائد کے تیسرے پیکج کے تحت اس سال کے دوران میں کل 7۰2 ارب درہم کی رقوم تقسیم کی گئی ہیں۔یہ اقدام یو اے ای کے شہریوں کے سماجی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے امارت کی قیادت کے پختہ عزم کا مظہر ہے۔

اس نے مزید کہا ہے کہ ’’اس پیکج میں ابوظبی ، العین اور الظفرا میں 3099 پلاٹ ، 2000مکانوں کے لیے قرضے شامل ہیں۔اس کے علاوہ 381 شہریوں کو مکانوں کی تعمیریا خرید کے لیے دیے گئے قرضوں کی 34 کروڑ اماراتی درہم کی رقوم معاف کردی گئی ہیں۔‘‘

ابوظبی کی حکومت کے اعلامیے کے مطابق بعض ریٹائرملازمین اور متوفیٰ شہریوں کے خاندانوں کو مکانوں کے لیے مہیا کردہ قرضے معاف کردیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ یو اے ای میں مقامی شہریوں کی تعداد بہت تھوڑی ہے جبکہ تارکینِ وطن روزگار کے سلسلے میں کثیر تعداد میں آباد ہیں۔کرونا وائرس کی وبا کے دوران میں امارتی شہریوں کے علاوہ غیرملکی تارکین وطن معاشی طور پر بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔اس کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہے۔اس سے یواے ای کی آمدن کے ذرائع سکڑ کررہ گئے ہیں اور ان کے اثرات شہریوں پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔