.

حسین ابراہیم طہٰ اوآئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ،سعودی وزیرخارجہ کی مبارک باد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی ) کے نئے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ کو مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

افریقی ملک چاڈ (تشاد) سے تعلق رکھنے والے حسین ابراہیم کو ہفتے کے روز نیجر کے دارالحکومت نیامے میں اوآئی سی کے وزرائے خارجہ پر مشتمل کونسل کے سینتالیسویں اجلاس میں اتفاق رائے سے تنظیم کا نیا سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایک ٹویٹ میں انھیں دلی مبارک باد پیش کی ہے،تنظیم کے سربراہ کی حیثیت سے ان کی کامیابی کی دعا کی ہے اور سعودی عرب کی جانب سے انھیں مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔

وزرائے خارجہ کی کونسل نے حسین ابراہیم کو پانچ سال کے لیے تنظیم کا نیا سربراہ منتخب کیا ہے۔وہ سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین کی جگہ سیکریٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ 2016ء سے اس عہدے پر فائز چلے آرہے تھے۔

ان کے پیش رو سیکریٹری جنرل ایاد امین مدنی کا تعلق بھی سعودی عرب سے تھا۔ انھیں 2014ء میں سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا تھا لیکن وہ 2016ء میں عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔اوآئی سی کی ویب سائٹ کے مطابق اب تک تنظیم کے گیارہ سیکریٹری جنرلز کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ستاون اسلامی ممالک پر مشتمل اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کے نیامی میں منعقدہ دوروزہ اجلاس کا عنوان ’’امن اور ترقی کے لیے دہشت گردی کے خلاف متحد‘‘ تھا۔اس موقع پر افریقی ممالک میں سکیورٹی کی صورت حال اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو مربوط بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔