افغان فوج کا فضائی حملہ، غزنی میں خود کش کار بم دھماکے کاماسٹرمائنڈ طالبان جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

افغان فورسز نے مشرقی صوبہ غزنی میں ایک فضائی حملے میں خودکش کار بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ طالبان جنگجو کو ہلاک کردیا ہے۔

افغان حکام کے مطابق حمزہ وزیرستانی نے غزنی میں اتوار کو ایک فوجی اڈے پر خودکش کار بم دھماکے کی منصوبہ بندی کی تھی۔اس حملے میں افغان سکیورٹی فورسز کے کم سے کم تیس اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔البتہ افغان وزارت دفاع نے صرف دس سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

Advertisement

وزارت دفاع کے ترجمان فواد امان نے سوموار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ غزنی میں فضائی حملے میں متعدد اور دہشت گرد بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ حمزہ وزیرستانی پاکستان کے سرحدی علاقے وزیرستان سے تعلق رکھنے والے ایک انتہا پسند گروپ کا رکن تھا۔

افغانستان میں گذشتہ چند مہینوں کے بعد سرکاری سکیورٹی فورسز پر یہ سب سے تباہ کن حملہ تھا۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغان صدر اشرف غنی کی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز کے بعد سے تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

طالبان نے ان میں سے بیشتر تباہ کن حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا کوئی دعویٰ کیا ہے اور نہ ان کے بارے میں کوئی بیان جاری کیا ہے۔تاہم وہ قریب قریب روزانہ ہی ملک کے مختلف علاقوں میں افغان سکیورٹی فورسز پر حملے کررہے ہیں۔

جنگ زدہ ملک کے مشرقی اور شمالی صوبوں کے علاوہ دارالحکومت کابل میں بھی حالیہ ہفتوں کے دوران میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور دو تعلیمی مراکز پر حملوں اور ایک راکٹ حملے میں پچاس سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے کابل میں ان تینوں حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔تاہم افغان حکام نے طالبان پر ان حملوں کا الزام عاید کیا تھا جبکہ طالبان نے ان میں ملوّث ہونے کی تردید کی تھی۔

مقبول خبریں اہم خبریں