.

میراڈونا نے وفات سے قبل اپنی گرل فرینڈ کے شوہر سے کیا درخواست کی ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے آنجہانی فٹبال اسٹار ڈیاگو میراڈونا نے اپنی وفات سے چند گھنٹے قبل اپنی سابقہ گرل فرینڈ ویرونیکا اوجیڈا کے شوہر سے درخواست کی تھی کہ وہ میراڈونا کے بیٹے کا خیال رکھے۔ اوجیڈا سابق فٹبال اسٹار میراڈونا کے 7 سالہ بیٹے ڈیجیٹو فرنانڈو کی ماں بھی ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق میراڈونا نے ایک صوتی ریکارڈنگ میں ویرونیکا کے شوہر ماریو بوڈری سے گزارش کی کہ "اس کا (ویرونیکا) اور میرے ننھے فرشتے کا خیال رکھنا"۔ فرشتے سے ان کا اشارہ اپنے بیٹے ڈیجیٹو کی طرف تھا۔

ویرونیکا اور ڈیجیتو فرنانڈو نے میراڈونا کے جنازے میں شرکت کی تھی۔ میراڈونا کو جمعے کے روز دارالحکومت بیونس آئرس کے مضافات میں ایک قبرستان میں ان کے والدین کے پہلو میں دفنایا گیا۔ اس موقع پر صرف میراڈونا کے خاندان کے افراد اور قریبی دوست موجود تھے۔

واضح رہے کہ سابق فٹبال اسٹار ڈیاگو میراڈونا کے پانچ بچے ہیں۔ ان میں دو بیٹیاں ان کی پہلی اور واحد بیوی کلوڈیا ویلافان سے ہیں۔ یہ شادی 1984ء سے 2004ء تک رہی۔ سال 2013ء میں میراڈونا کی گرل فرینڈ ویرونیکا سے ان کا بیٹا ڈیجیٹو فرنانڈو پیدا ہوا۔ اس کے علاوہ ان کے دو اور بچے ڈیاگو جونیئر اور جانا بھی ہیں۔