امریکا نے ایران پر دباؤ میں اضافہ جاری رکھا ہوا ہے اور اس کے محکمہ خزانہ نے ایران کے ایک فرد اور ایک گروپ پر نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ کے مطابق ایران کی دفاعی ایجادات اور تحقیقاتی تنظیم سے وابستہ شاہد میسامی گروپ اور ایک فرد پر نئی پابندیاں عاید کی ہیں۔
امریکی وزیرخزانہ اسٹیفین ٹی نوشین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران کے وسیع پیمانے پرتباہی پھیلانے والے ہتھیار اس کے ہمسایہ ممالک اور دنیا کے لیے خطرے کا موجب ہیں۔امریکا ایرانی نظام اور اس کے گماشتہ گروپوں کی کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کو روکنے کے لیے کوشش جاری رکھے گا۔‘‘
محکمہ خزانہ کے مطابق شاہد میسامی گروپ ایران کی دفاعی ایجادات اور تحقیقاتی تنظیم (ایس پی این ڈی) کے تحت ادارہ ہے۔اس نے ایس پی این ڈی کے کروڑوں ڈالر کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کیا ہے۔ان میں کیمیائی ایجنٹوں کی تیاری اور ٹیسٹنگ شامل ہے۔