.

کرونا وائرس : دنیا بھر میں 6.5 کروڑ متاثرین اور 15 لاکھ اموات !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایک برس قبل چین میں کرونا وائرس کے نمودار ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں تقریبا 6.5 کروڑ افراد اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں 15 لاکھ سے زیادہ متاثرین موت کا شکار ہو چکے ہیں۔ اس بات کا اعلان جمعرات کے روز دو بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں "فرانس پریس" اور "روئٹرز" کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں کیا گیا۔

فرانس پریس کے مطابق دنیا بھر میں کرونا کے سبب 64,774,705 تصدیق شدہ کیسوں اور 1,500,038 اموات کا اندراج ہو چکا ہے۔

دنیا بھر کے علاقوں کے لحاظ سے لاطینی امریکا اور کیریبین میں سب سے زیادہ 452,263 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے بعد یورپ 430,060 اموات کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا اور امریکا 286,946 اموات کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

واضح رہے کہ کرونا کے سبب یومیہ اموات کی یہ سطح اس سے قبل ریکارڈ نہیں کی گئی۔

عالمی ادارہ صحت کے یورپ ریجن کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ لوگوں کو چاہیے کہ محتاط اور چوکنا رہیں اور کرونا کی ویکسین سامنے آنے سے پہلے بنیادی احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھیں۔ ڈاکٹر ہینز کلوگ کے مطابق "جب تک ہم کرونا کو روکنے کے لیے حتی الامکان کوشش نہ کریں یہ وائرس اب بھی بھاری نقصان پہنچانے کی قدرت رکھتا ہے"۔

آخری سات روز کے دوران ریکارڈ کی جانے والی اموات میں نصف سے زیادہ(36446) یورپ میں ہوئیں۔ یورپ میں اس وقت کرونا کی دوسری لہر دیکھی جا رہی ہے۔

سات روز کے دوران یورپ میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں اطالیہ میں 5017 اموات، روس میں 3515 اموات، پولینڈ میں 3220 اموات، فرانس میں 3198 اموات اور برطانیہ میں 3116 اموات ریکارڈ کی گئیں۔

کرونا کی وبا نمودار ہونے کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں سب سے زیادہ 274,577 اموات امریکا میں ہوئیں۔ اس کے بعد برازیل کا 174,515 اموات کے ساتھ دوسرا اور بھارت کا 138,648 کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

آبادی کے لحاظ سے اموات کا سب سے زیادہ تناسب بیلجیم میں ہے جہاں ہر ایک لاکھ میں 146 اموات کی شرح سامنے آئی۔ اس کے بعد پیرو میں یہ تناسب 109 اموات، ہسپانیہ میں 98 اموات، اطالیہ میں 96 اموات اور شمالی مقدونیا میں 89 اموات کا تناسب رہا۔

گذشتہ سات روز کے دوران دنیا بھر میں نئے متاثرین کی دو تہائی سے زیادہ تعداد یورپ، امریکا ارو کینیڈا میں ریکارڈ کی گئی۔