سعودی عرب اورعرب دنیا میں نئے تخلیق کاروں کی دریافت کے لیےایم بی سی اکادمی کانیا پروگرام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

ایم بی سی اکادمی نے بدھ کو سعودی عرب اور عرب دنیا میں لکھاریوں کا نیا ٹیلنٹ دریافت کرنے کے لیے ’’فکرتی‘‘ کے نام سے ایک نئے پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

ایم بی سی اکادمی مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا ( مینا) کے خطے میں سب سے بڑی میڈیا کمپنی ایم بی سی کی تعلیمی اور تربیتی شاخ ہے۔کمپنی کے ایک بیان کے مطابق ’’فکرتی‘‘(میرا خیال) نئے ٹیلنٹ کی تلاش کا پروگرام ہے۔اس کا مقصد خطے کے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنے خیالات کو الفاظ کا جامہ پہنائیں اور انھیں دوام بخشیں۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’’فکرتی‘‘ کے تحت پیش کیے گئے مسودات کو ایم بی سی گروپ کی ٹیلی ویژن پروڈکشنز کی شکل میں ویڈیو اسٹریمنگ کی سروس ’’شاہد وی آئی پی‘‘ کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم بی سی اکادمی جانا یمانی کا کہنا ہے کہ ’’فکرتی کے نام سے اس اقدام کا مقصد سعودی عرب ، عرب دنیا اور اس سے ماورا نئے ٹیلنٹ کی تلاش ہے۔ بالخصوص ٹی وی ڈراما کے شعبے میں اچھوتے اور منفرد مواد کا کھوج لگانا ہے کیونکہ ہمارے نزدیک اہم بات یہ ہے کہ عرب دنیا سے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جائے اور اس کی آبیاری کی جائے۔‘‘

ایم بی سی گروپ کے ڈائریکٹر ٹی وی علی جابر کہتے ہیں کہ ’’کمپنی کے لکھاریوں اور تخلیق کاروں کی ٹیم کو وسعت دی جارہی ہے اور اس کے ذریعے ہم دلچسپ اور متنوع کہانیاں پیش کرسکیں گے کیونکہ نئی نسل زندگی کے بارے میں نئے خیالات کی حامل ہے۔‘‘

اس پروگرام کے تحت جن نوجوانوں کا انتخاب کیا جائےگا، ان کی تحریروں کو ٹی وی پروڈکشنز کے ذریعے پیش کیا جائے گا اور انھیں ان کی تخلیقات اور فن پارے کا مخصوص فنڈ سے اعزازیہ دیا جائے گا۔

ایم بی سی گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارک انٹوئن ڈی ہالوئین کا کہنا ہے کہ گروپ کے چیئرمین ولید آل ابراہیم نے اس مد میں ڈھائی لاکھ ڈالرز مختص کیے ہیں۔اس فنڈ سے نوجوان تخلیق کار پروڈیوسروں کے پیش کردہ بہترین فن پاروں کا معاوضہ دیا جائے گا۔

جو نوجوان تخلیق کار اس پروگرام میں حصہ لینا چاہتے ہیں، وہ اپنے آئیڈیاز کو اس ایڈریس پر بھیج سکتے ہیں:www.mbc.net/fikraty.

مقبول خبریں اہم خبریں