روسی صدر کی ایٹم بم سے حفاظت کے لیے مختص طیارے میں چوروں کی لُوٹ مار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

روس میں صدر ولادی میر پوتین کو ایٹمی جنگ سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا جانے والا lyushin IL-80 طیارہ Doomsday Aircraft کے خطاب سے جانا جاتا ہے۔ اس طیارے کے 4 ورژن تیار کیے گئے تا کہ تیسری عالمی جنگ چھڑ جانے کی صورت میں اہم ترین عہدے داران کو منتقل کیا جا سکے۔ تاہم حال ہی میں چوروں نے اس طیارے میں دراندازی کر کے خوب لوٹ مار مچائی۔ اس واردات کے دن کا تعین نہیں کیا جا سکا البتہ یہ واقعہ 27 سے 30 نومبر کے بیچ پیش آیا۔

چوروں نے طیارے کے کارگو کے لیے مختص شعبے کا تالا کھولا اور پھر خفیہ ریڈیو کے ساز و سامان کے 39 اجزاء اور دیگر آلات چرا لیے۔ پولیس نے ان اشیاء کی قیمت کا اندازہ 13 ہزار ڈالر لگایا ہے۔ خبر رساں ایجنسیوں نے یہ بات کرملن ہاؤس کے ہمنوا چینلRen Tv کے حوالے سے بتائی۔ ذرائع ابلاغ نے اسے "حساس" خبر کے طور پر نشر کیا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ طیارہ ماسکو سے 1100 کلو میٹر جنوب میں واقع شہر Taganrog میں ہوابازی کے ایک کمپلیکس میں معمول کی دیکھ بھال کے لیے موجود تھا۔ اس دوران چوروں نے اس میں در اندازی کی اور وہاں سے اشیاء کو چرایا۔

Advertisement

امید کے مطابق بہت زیادہ چیزیں نہ پانے پر چوروں نے ہاتھ آنے والی اشیاء پر ہی اکتفا کیا اور وہاں سے کوچ کر گئے۔ وہ اپنے پیچھے کچھ فنگر پرنٹس اور جوتے چھوڑ گئے جو پولیس کو طیارے کے اندر ملے۔

طیارے میں خصوصی آلات نصب ہیں جن کا مقصد ملک کی مسلح افواج کے ساتھ رابطہ رکھنا ہے۔ یہ طیارہ زمین پر اترے بنا کئی روز تک فضا میں رہ سکتا ہے بشرط یہ کہ اسے فضا میں ایندھن فراہم کیا جاتا رہے۔

کرملن ہاؤس کے ترجمان دمتری بیسکوف نے چوری کی اس واردات کو "ہنگامی حالت" قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکورٹی کو بہتر بنایا جائے گا اور اس طرح کا واقعہ دوبارہ پیش نہیں آئےگا۔ روسی پولیس نے اس سلسلے میں 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور ان کے ساتھ پوچھ گچھ کی۔ بعد ازاں ان میں سے کچھ کو باری باری رہا کر دیا گیا جب کہ بقیہ مشتبہ افراد کو مزید پوچھ گچھ کے لیے حراست میں ہی رکھا گیا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں