سعودی عرب: فائزراوربائیواین ٹیک کی تیارکردہ کووِڈ۔19 کی ویکسین کے استعمال کی منظوری
سعودی عرب کی فوڈ اور خوراک اتھارٹی نے امریکا کی دواساز فرم فائزر کی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کو مملکت میں استعمال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے)کے مطابق ’’اتھارٹی نے فائزر کے 24 نومبرکو فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر ویکسین کے اندراج کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے۔اب اس کمپنی کی ویکسین مملکت میں استعمال کے لیے درآمد کی جائے گی۔‘‘
ایس پی اے نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی نے ویکسین کے مؤثر اور محفوظ ہونے کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔اتھارٹی نے کمپنی کے فراہم کردہ ڈیٹا کے جائزے کے لیے کئی اجلاس منعقد کیے ہیں۔ان میں مقامی اور بین الاقوامی ماہرین اور سائنس دان بھی شریک ہوئے ہیں۔دواساز کمپنی کے نمایندے سے ملاقاتوں میں اتھارٹی نے مختلف سوالات پوچھے تھے‘‘۔
فوڈ اور ڈرگ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شعبہ صحت کے متعلقہ حکام اب ویکسین کی درآمد کا عمل شروع کریں گے۔اتھارٹی مملکت میں ویکسین کی آنے والی ہر کھیپ کے نمونوں کااستعمال سے قبل تجزیہ کرے گی تاکہ اس کے معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔
وزارت صحت سعودی عرب میں ویکسین کی آمد کی تاریخ کا اعلان کرے گی اور درآمدی تقاضوں کی تکمیل کے بعد اس کے استعمال کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت نے گذشتہ ماہ مملکت میں مقیم ہر فرد کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے سرکاری ٹی وی کو بتایا تھا کہ ’’مملکت میں 2021ء کے آخر تک کرونا وائرس کی ویکسینیں وافر تعداد میں دستیاب ہوں گی اور یہ ملک کی 70 فی صد آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘
البتہ انھوں نے واضح کیا تھا کہ’’کوئی بھی ویکسین محفوظ ، مؤثر اور متعلقہ حکام سے منظور شدہ ہونی چاہیے۔‘‘انھوں نے گذشتہ اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب کووِڈ-19 کی ویکسین وصول کرنے والے اوّلین ممالک میں سے ہوگا۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ’’سعودی عرب میں ویکسین دستیاب ہونے کی صورت میں رجسٹریشن کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔اس میں ویکسین لگوانے کے خواہاں افراد اپنے ناموں کا اندراج کراسکیں گے۔اس کی تفصیل کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔‘‘