.

امیرِکویت کے فرمان کے تحت نئی حکومت کی تشکیل،الفارس وزیر تیل اور حمادہ وزیرخزانہ مقرر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے ایک فرمان کے ذریعے حالیہ پارلیمانی انتخابات کے بعد نئی حکومت تشکیل دی ہے۔

امیرکویت کے مطابق نئی کابینہ میں شیخ حمد جابرالعلی الصباح کو نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع مقرر کیا ہے۔محمد عبداللطیف الفارس کو تیل ، بجلی اور پانی کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔وہ خالد الفاضل کی جگہ یہ منصب سنبھالیں گے۔

کویتی حکومت کے ایک بیان کے مطابق شیخ احمد ناصر الصباح کو دوبارہ وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔خلیفہ حمادہ نئی کابینہ میں وزیر خزانہ ہوں گے۔ وہ براک الشیتان کی جگہ لیں گے۔

شیخ ثامر علی صباح السالم الصباح کو وزیر داخلہ اور نواف الیاسین کو وزیر انصاف مقرر کیا گیا ہے۔کابینہ میں ایک خاتون کو بھی شامل کیا گیا ہے اور ڈاکٹر رنا عبداللہ عبدالرحمان الفارس کو دوبارہ تعمیرات عامہ اور مکانات کی وزیر مملکت مقرر کیا گیا ہے۔

کویت کی سابقہ پارلیمان میں ایک خاتون صفہ الہاشم بھی منتخب ہوئی تھیں لیکن وہ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں یہ نشست ہار گئی ہیں۔

پچاس ارکان پر مشتمل نئی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی نشستوں کی تعداد بڑھ گئی ہے جبکہ سابقہ اسمبلی کے دو تہائی ارکان اپنی نشستیں ہار گئے ہیں۔