سعودی عرب میں کووِڈ-19 کی ویکسین کی پہلی کھیپ پہنچ گئی ہے۔ سعودی وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بدھ کے روز بجٹ 2021ء کے فورم پر مملکت میں کرونا وائرس کی ویکسین کی آمد کا اعلان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’ میں ہرکسی کو، شہریوں اور مکینوں کو آگاہ کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ کرونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ آج صبح پہنچ گئی ہے۔مجھے امید ہے کہ اس سے بحران کے خاتمے کاآغاز ہوجائے گا۔ان شاءاللہ یہ ہر کسی کو جلد سے جلد مہیا کی(لگائی) جائے گی۔‘‘
سعودی وزارتِ صحت نے منگل کو موبائل ایپلی کیشن صحتی کے ذریعے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔سعودی شہری اور مکین ذیل کے لنک کے ذریعے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں: (http://onelink.to/yjc3nj) انھیں کووِڈ-19 کی ویکسین حکومت کی جانب سے مفت لگائی جائے گی۔
سعودی عرب کی فوڈ اور خوراک اتھارٹی نے گذشتہ جمعرات کوامریکا کی دواساز فرم فائزر کی جرمن کمپنی بائیواین ٹیک کے اشتراک سے تیارکردہ کووِڈ-19 کی ویکسین کو مملکت میں استعمال کرنے کی منظوری دی تھی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے)کے مطابق’’اتھارٹی نے فائزر کے 24 نومبرکو فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر ویکسین کے اندراج کی منظوری کا فیصلہ کیا تھا۔اب اس کمپنی کی ویکسین مملکت میں استعمال کے لیے درآمد کی جائے گی۔‘‘
سعودی عرب میں فائزر کی مہیا کردہ ویکسین تین مراحل میں لگائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں 65 سال سے زاید عمر کے شہریوں اور مکینوں کو ترجیح دی جائے گی۔اس کے علاوہ کرونا وائرس کے خلاف محاذِ اوّل پر لڑنے والے طبّی عملہ اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور پہلے سے مختلف دیرینہ امراض کا شکار افراد کو ترجیحاً سب سے پہلے ویکسین لگائی جائے گی۔
وزارت صحت کے مطابق موٹاپے کا شکار افراد ،ذیابطیس یا دمے میں سے کسی ایک عارضے میں مبتلا افراد،گردے اور دل کے دائمی عارضے کا شکار افراد کو بھی پہلے مرحلے میں کرونا وائرس کی ویکسین لگائی جائے گی۔
دوسرے مرحلے میں 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد ، پہلے مرحلے میں رہ جانے والے طبی عملہ اور مختلف عوارض کا شکار دائمی مریضوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ تیسرے مرحلے میں باقی بچ جانے والے افراد یا ویکسین لگوانے کے خواہاں کسی بھی فرد کو انجیکشن لگایا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی وزارت صحت نے گذشتہ ماہ مملکت میں مقیم ہر فرد کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزارتِ صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے بتایا تھا کہ ’’مملکت میں 2021ء کے آخر تک کرونا وائرس کی ویکسینیں وافرتعداد میں دستیاب ہوں گی اور یہ ملک کی 70 فی صد آبادی کے لیے کافی ہوں گی۔‘‘