ٹرمپ کی سبکدوشی کے بعد بھی امریکا کا ایران مخالف معاندانہ کردار جاری رہے گا:خامنہ ای
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس سے رخصتی کے بعد بھی امریکا کے تہران سے متعلق معاندانہ رویے کا خاتمہ نہیں ہوگا۔
خامنہ ای نے اپنی ویب گاہ پر بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ’’ایران کے خلاف جارحانہ کردار کا ٹرمپ کے امریکا سے آغاز نہیں ہوا تھا اور نہ اس کا ان کی سبکدوشی سے خاتمہ ہوگا کیونکہ (ان سے پہلے صدر براک) اوباما کے امریکا نے بھی ایرانی قوم کے لیے بُرے کام کیے تھے۔‘‘
ایران کے رہبرِاعلیٰ کی ناسازیِ طبع کے بارے میں حال ہی میں اطلاعات سامنے آئی تھی لیکن بدھ کو ایرانی میڈیا نے یہ اطلاع دی ہے کہ وہ ہشاش بشاش ہیں اور وہ القدس فورس کے مقتول کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کی پہلی برسی کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کے منتظمین سے ملاقات کرنے والے تھے۔
قاسم سلیمانی گذشتہ سال جنوری میں بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امریکا کے میزائل حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔