متحدہ عرب امارات میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کرونا وائرس کے 1321 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے اور کووِڈ-19 کے تین مریض وفات پاگئے ہیں۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اب ملک میں اس مہلک وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد 189866 ہوگئی ہے۔ان میں سے 629 مریض وفات پا چکے ہیں۔
یو اے ای کی وزارت صحت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے مزید 139909 ٹیسٹ کیے ہیں اور ان میں سے مذکورہ مثبت کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
یو اے ای نے گذشتہ اتوار کو یہ اطلاع دی تھی کہ اس نے کرونا وائرس کی وبا سے بحالی کے معاشی منصوبے کے پہلے مرحلے کا 46 فی صد حصہ مکمل کر لیا ہے۔
اماراتی حکومت نے اہم معاشی شعبوں کی ترقی کو مہمیز دینے کے لیے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ان کے تحت نئی منڈیوں میں تجارت کے لیے سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔بنک دیوالگی کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں اور سیاحتی کمپنیوں کے لیے گرانٹس مختص کی گئی ہیں۔