دبئی: فائزر اور بائیواین ٹیک کی کووِڈ-19 کی ویکسین کہاں سے لگوائی جاسکتی ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

امریکا کے دواساز ادارے فائزر کی جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کے اشتراک سے تیار شدہ کووِڈ-19 کی ویکسین دبئی میں متحدہ عرب امارات کے تمام شہریوں اور مکینوں کے لیے مفت دستیاب ہے اور یہ حکومت کے مختص کردہ مراکز سے لگوائی جاسکتی ہے۔

دبئی کے میڈیا دفتر نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ویکسین لگانے کی مہم کے پہلے مرحلے میں مخصوص گروپوں کو ترجیح دے جارہی ہے۔ویکسین لگوانا کے خواہاں افراد دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)کی اسمارٹ فون ایپ کے ذریعے اپنا اندراج کراسکتے ہیں یا اس ٹال فری نمبر800342 پر فون کرکے اپنے نام کا اندراج کرسکتے ہیں۔

میڈیا دفتر کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن تمام مکینوں اور شہریوں کے لیے رضاکارانہ ہے، لازمی نہیں ہے۔تاہم 60 سال سے زیادہ عمر کے اماراتی شہریوں اور مکینوں ، دائمی امراض کا شکار افراد،کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں محاذِاوّل پر خدمات انجام دینے والے طبّی عملہ ، سکیورٹی اہلکاروں یا دوسرے حکام کو پہلے مرحلے میں ویکسین لگائی جائے گی۔

کروناوائرس سے متاثرہ شخص کو مرض کا شکار ہونے کی تاریخ کے تین ماہ کے بعد ویکسین لگوانے کی اجازت ہوگی۔دبئی میڈیا دفتر نے وضاحت کی ہے کہ اگر کسی فرد نے کووِڈ-19 کی کوئی اورویکسین لگوائی ہے تو اس کو دوسری ویکسین لگوانے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ یہ اس کے لیے محفوظ نہیں ہوگی۔

اس نے مزید کہا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک پہلی خوراک کے 21 روز کے بعد لگائی جائے گی۔اس نے شہریوں اور مکینوں کو تلقین کی ہے کہ وہ ویکسین لگوانے کا کورس مکمل کریں اور طے شدہ وقت کی پاسداری کریں تاکہ وہ اس مہم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھاسکیں۔

اس کا کہنا ہے کہ ویکسین لگوانے والے افراد سفر کی صورت میں پی سی آر ٹیسٹ سے مستثنا نہیں ہوں گے اور اس عمل سے گذرنے والے افراد کو چہرے پر ماسک پہننے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے۔ہر کسی کو دبئی میں نافذالعمل قواعد وضوابط کی پاسداری کرنا ہوگی۔

دبئی میں ان مجاز مراکز سے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوائی جاسکتی ہے:
زعبیل ہیلتھ مرکز ۔
المظہر ہیلتھ سنٹر۔
ندالحمارہیلتھ مرکز ۔
البرشہ ہیلتھ مرکز۔
اپ ٹاؤن آکوپیشنل ہیلتھ سکریننگ سنٹر۔
حطہ اسپتال ۔

مقبول خبریں اہم خبریں