فرانسیسی صدر عمانوایل ماکروں میں اب کووِڈ-19 کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہورہی ہیں۔
فرانسیسی صدارتی محل نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر ماکروں اب اپنی تنہائی ختم کرسکتے ہیں۔
43 سالہ صدر کووِڈ-19 کی علامات ظاہر ہونے کے بعد سات روز قبل ورسیلی محل کے نزدیک واقع صدارتی مقام پر قرنطین میں چلے گئے تھے۔ان میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد 17 دسمبرکوٹیسٹ کیا گیا تھا اور اس کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔
عمانوایل ماکروں کو گذشتہ کئی روز سے سرمیں درد تھا،خشک کھانسی تھی اور وہ نقاہت محسوس کررہے تھے لیکن بدھ کو ان کی صحت میں بہتری آنا شروع ہوگئی تھی۔
وہ فرانس میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے نافذ قومی قواعد وضوابط کےتحت ایک ہفتہ کے لیے تنہائی میں چلے گئے تھے۔اس عرصہ میں وہ آن لائن اپنے فرائض منصبی انجام دیتے رہے ہیں۔