.

سعودی عرب: کووِڈ-19کے199 نئے کیسوں کی تشخیص،11 مریض چل بسے!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں سوموار کے روز کووِڈ-19 کے 199 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں جبکہ پہلے سے کرونا وائرس کا شکار 174 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں اور 11 مریض چل بسے ہیں۔

سعودی وزارتِ صحت کے مطابق اب مملکت میں کووِڈ-19 کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد362339 ہوگئی ہے۔ان میں سے353353 مریض تن درست ہوچکے ہیں اور 6196 وفات پا چکے ہیں۔

وزارتِ صحت نے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ دارالحکومت الریاض میں آج بھی سب سےزیادہ 40 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ منطقہ شرقیہ میں 25،مکہ مکرمہ میں 24، القصیم میں نو اور مدینہ منورہ میں صرف چھے نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

کرونا وائرس کے باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔اس وقت مملکت میں کووِڈ-19 کے فعال کیسوں کی تعداد 2790 ہے، ان میں سے 393 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرِعلاج ہیں۔

دریں اثناء سعودی عرب نے بین الاقوامی تجارتی پروازوں پر پابندی میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔اس کے علاوہ مملکت میں تمام بحری ، برّی اور فضائی راستوں کے ذریعے بیرون ملک سے داخلے پر مزید ایک ہفتہ تک پابندی برقرار رہے گی۔

سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فضائی کمپنیوں کو مملکت سے غیر سعودی شہریوں کو بیرون ملک لے جانے کے لیے پروازیں چلانے کی منظوری دے دی ہے اور وہ فوری طور پر غیر سعودیوں کو ان کے آبائی یا اقامتی ممالک میں لے جانے کے لیے پروازیں چلا سکتی ہیں۔