.

یورپی یونین کے رکن ممالک نے بریگزٹ تجارتی سمجھوتے کی منظوری دے دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یورپی یونین کے رکن ستائیس ممالک نے بعد از بریگزٹ برطانیہ سے تجارت کے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔یہ معاہدہ برطانیہ کے 31 دسمبر کو یورپی یونین سے مکمل اخراج کے بعد یکم جنوری سے نافذالعمل ہوگا۔

یورپی یونین کے رکن ممالک کے برسلز میں تعینات سفیروں نے سوموار کو مقررہ طریق کار کے تحت تجارتی ڈیل کی منظوری دی ہے اور یہ منگل کو گرینیچ معیاری وقت (جی ایم ٹی)1400 سے مؤثرالعمل ہوگا۔

معاہدے کے تحت یورپی یونین کے رکن 27 ممالک نئے سال سے برطانیہ کے ساتھ کسی ٹیرف کے بغیر آزادانہ تجارت کرسکیں گے۔

یورپی یونین کے صدر ملک جرمنی کے ترجمان سیبسٹیئن فشر نے بتایا ہے کہ ’’تنظیم کے سفیروں نے اتفاق رائے سے ای یو،یوکے تجارت اور تعاون سمجھوتے کے عبوری اطلاق کی منظوری دے دی ہے۔‘‘

لیکن اس ڈیل کی یورپی پارلیمان سے بھی توثیق ضروری ہے اور توقع ہےکہ وہ فروری کے آخر میں اس کی منظوری دے گی۔ برطانیہ کا یورپی یونین سے انخلا کے لیے گذشتہ جمعرات کو یہ تجارتی معاہدہ طے پایا تھا اوراس طرح اس کی یورپ کے سب سے بڑے تجارتی بلاک سے اخراج میں حائل آخری رکاوٹ بھی ختم ہوگئی تھی۔