فیشن کی دنیا میں "تیار ملبوسات" کے برانڈ کے بانی فرانسیسی ڈیزائنر پیئر کاردان چلے بسے
فرانس سے تعلق رکھنے والے اطالوی نژاد معروف فیشن ڈیزائنر پیئر کاردان منگل کے روز 98 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ فیشن برانڈز کے اندر ان کی سلطنت کی مجموعی مالیت کا اندازہ 64 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں سیکڑوں برانڈز متعارف کرائے جو دنیا بھر میں پھیلے ہوئے ہیں۔ انہیں "بنے بنائے ملبوسات اور فیشن کی دنیا میں مستقبل کے اسلوب" کا بانی شمار کیا جاتا ہے۔
کاردیان 1922ء میں اطالیہ میں پیدا ہوئے۔ وہ 1945ء میں اطالیہ سے پیرس منتقل ہو گئے۔ انہوں نے 1950ء میں 28 برس کی عمر میں ملبوسات کی دنیا میں قدم رکھا اور 1953ء میں اپنے ڈیزائن کردہ کپڑوں کا پہلا مجموعہ پیش کیا۔ انہوں نے خواتین کے لیے اپنے ڈیزائن کردہ ملبوسات کا پہلا اسٹور"Eve" کے نام سے متعارف کرایا۔ اس کے اگلے ہی سال 1975ء میں مردوں کے لیے ملبوسات کا اسٹور کھولا جس کو "Adam" ایڈم کا نام دیا گیا۔
گذشتہ صدی کے دوران 1960ء کی دہائی کاردان کی پیشہ وارانہ زندگی میں نہایت اہمیت کی حامل رہی۔ انہوں نے 1959ء میں خواتین کے تیار ملبوسات کا پہلا فیشن شو منعقد کیا۔ اسی طرح 1960ء میں کاردان نے مردوں کے تیار ملبوسات کا پہلا شو پیش کیا۔
چند برسوں کے بعد پیئر کاردان کا کام ملبوسات کی دنیا سے بڑھ کر فیشن کی دیگر اشیاء مثلا پرس، بیلٹ، چشموں، جیولری، میک اپ کا سامان، چاکلیٹ، لگژری آئٹمز اور یہاں تک کہ گاڑیوں تک پھیل گیا۔ کاردان کے پاس دنیا کے 600 مختلف برانڈز کے مالکانہ حقوق تھے اس کے نتیجے میں فرانسیسی ڈیزائنر کا نامPierre Cardin دنیا کے تمام خطوں میں پہنچ گیا۔