سعودی عرب کی وزارت تجارت نے عوام کو غیر قانونی کاروبار سے نجات دلانے کی غرض سے تجارتی جعل سازی اور دھوکا دہی کی اطلاع دینے والوں کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’تجارتی جعل سازی اور دھوکا دہی کے علاوہ سعودیوں کے نام پر غیر ملکیوں کے کاروبار کی اطلاع دینے والے کو جرمانے کی رقم میں سے انعام دیا جاتا ہے‘۔
متى تكون المكافآت المالية للمُبلّغين؟ pic.twitter.com/Ss2ExDmP9A
— المتحدث الرسمي لوزارة التجارة (@spokesman_mc) January 3, 2021
انہوں نے کہا ہے کہ ’دھوکا دہی اور جعل سازی کی نوعیت کے اعتبار سے انعامی رقم کا تعین کیا جاتا ہے‘۔ ’کسی کاروباری ادارے میں غیر معیاری اشیا کی فروخت، زائد المیعاد یا انسانی استعمال کے لیے مضر چیز کی اطلاع دینے پر جرمانے کی کل رقم میں سے 25 فی صد اطلاع دہندہ کو ملے گی‘۔ ’یہ انعامی رقم عدالت کی طرف سے حتمی فیصلہ سنانے کے بعد دی جاتی ہے‘۔
انھوں نے کہا ہے کہ ’اطلاعات کی دوسری قسم غیر قانونی یا سعودی شہریوں کے نام پر غیر ملکیوں کے کاروبار سے متعلق ہے‘۔ ’اس قسم کی اطلاعات دینے والوں کو جرمانے کی کل رقم میں سے 30 فی صد انعام دیا جائے گا‘۔ ’یہ انعامی رقم عدالت کے حتمی فیصلے کے بعد دی جائے گی‘۔
عبد الرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ’آخری صارف نگراں اداروں کی آنکھ ہے جس سے وہ تجارتی ماحول کو دیکھتے ہیں‘۔ واضح رہے کہ وزارت تجارت نے گذشتہ دنوں اطلاعات دینے والے 19 شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ایک لاکھ 23 ہزار ریال کے انعامات دینے کا اعلان کیا تھا۔