.

سعودی عرب کے تاریخی شہرالعُلا میں جی سی سی کے سربراہ اجلاس کا آغاز

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے تاریخی شہر العُلا میں منگل کے روز خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کا اکتالیسواں سالانہ سربراہ اجلاس شروع ہوگیا ہے۔

اس سربراہ اجلاس کی خاص بات قطر اور جی سی سی کے دوسرے رکن ممالک کے درمیان تین سال کے بعد تعلقات کی بحالی ہے۔العُلا کے تاریخی مرایا ہال میں منعقد ہونے والے اجلاس میں امیرِقطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی شرکت کررہے ہیں۔

وہ قطر ائیرویز کے خصوصی طیارے کے ذریعے آج العُلا پہنچے تھے اور مرایا ہال میں آمد پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بہ نفس نفیس ان کا استقبال کیا ہے۔

اس اجلاس میں بحرین کے وفد کی قیادت ولی عہد شیخ سلمان بن حمد آل خلیفہ کررہے ہیں۔وہ سب سے پہلے العلا میں شہزادہ عبدالمجید بن عبدالعزیز ہوائی اڈے پر پہنچے تھے۔

انھوں نے اپنی آمد پر ایک بیان میں کہا کہ ’’ ہم سعودی عرب کی خلیج تعاون کونسل میں اتحاد برقرار رکھنے کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہیں اور اس کے شکرگزار ہیں۔‘‘

متحدہ عرب امارات کے وفد کی قیادت نائب صدر شیخ محمد بن راشدآل مکتوم اور عُمان کے وفد کی قیادت نائب وزیراعظم فہد بن محمود آل سعید کررہے ہیں۔کویتی وفد کی قیادت خود امیرِ کویت شیخ نواف الاحمد الصباح کررہے ہیں۔

کویت نے قطراوراس کا بائیکاٹ کرنے والے چار عرب ممالک سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے درمیان مصالحت کرانے اور باہمی تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے اورامیرِکویت کی مصالحتی کاوشوں کے نتیجے ہی میں سعودی عرب نے قطرکے ساتھ سوموار کی شب سے اپنی برّی ، بحری اور فضائی سرحدیں کھول دی ہیں اور قطر کا سفارتی ،سیاسی اور معاشی بائیکاٹ ختم کردیا ہے۔