.

واشنگٹن: کیپٹول ہنگامہ آرائی میں زخمی ہو کر جان سے جانے والی خاتون کون ہے؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں گذشتہ روز ہونے والا پر تشدد واقعہ اور ہنگامہ آرائی جمہوریت کے ماتھے پر ایک ایسا بد نما داغ ہے جو کبھی نہیں مٹ سکے گا۔ اس بات کا اظہار سینیٹ اور ایوان نمائندگان کے متعدد ارکان نے کیا۔

دوسری جانب امریکی پولیس نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ بدھ کے روز کیپٹول کی عمارت میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون ہسپتال میں چل بسی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی ایک بڑی تعداد نے واشنگٹن میں کانگرس کے صدر دفتر پر دھاوا بول دیا تھا۔

دارالحکومت میں پولیس کے سربراہ رابرٹ کونٹی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ خاتون کے فائرنگ سے زخمی ہونے کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

مقتولہ کی شناخت کے حوالے سے امریکی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس کا نام ایشلے پیپیٹ ہے۔ وہ صدر ٹرمپ کی حامی تھی اور سان ڈیاگو سے واشنگٹن آئی تھی۔

ایک امریکی چینل "KUSA" نے ایشلے کے شوہر کے ساتھ گفتگو کی۔ چینل کے مطابق ایشلے نے 14 سال فوج میں خدمات انجام دیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے سرکاری طور پر ہلاک ہونے والی خاتون کے نام کا اعلان نہیں کیا۔

ٹرمپ کے حامی مظاہرین نے بدھ کی سہ پہر واشنگٹن میں کیپٹول کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔ اس دوران مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے نتیجے میں جائے مقام پر شدید انارکی پھیل گئی۔ تقریبا چار گھنٹے بعد سیکورٹی فورسز عمارت کا کنٹرول واپس لینے میں کامیاب ہو گئیں۔