.

یواے ای :کووِڈ-19کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، 2988 نئے مریضوں کی تشخیص

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے میں کروناوائرس کے2988 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔

یو اے ای میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد ایک دن میں تشخیص شدہ کیسوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے اور اب کل کیسوں کی تعداد 221754 ہوگئی ہے۔

امارات کی وزارتِ صحت نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلے سے کووِڈ-19 کا شکار مزید پانچ مریض چل بسے ہیں۔اب اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 694 ہوگئی ہے۔

دریں اثناء کووِڈ-19 کا شکار مزید 3658 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔اس طرح تن درست ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 199178 ہوگئی ہے۔

یواے ای میں حالیہ ہفتوں کے دوران میں کووِڈ-19 کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور یومیہ ایک ہزار سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہورہی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کے باوجود دبئی نے منگل کے روز مریضوں کا تنہائی میں رہنے کا عرصہ مزید کم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب کووِڈ-19 کے مریضوں اور ان سے رابطے میں رہنے والے افراد کو 14 کے بجائے 10 روز تنہائی میں رہنا ہوگا۔

دبئی کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے الگ تھلگ رہنے کی مدت میں کمی کا فیصلہ حالیہ عالمی تحقیق کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اس کے مطابق زیادہ تر کیس متاثرہ مریض سے رابطے میں آنے کے 10 روز کے اندر اندر کووِڈ-19 کا شکار ہوسکتے ہیں۔