قطراورسعودی عرب کے درمیان سوموار سے براہِ راست پروازیں بحال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size

سعودی عرب اور قطر کی قومی فضائی کمپنیوں نے ساڑھے تین سال کے بعد اپنے پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اور دونوں فضائی کمپنیاں سوموار سے دوحہ اور الریاض کے درمیان پروازیں شروع کردیں گی۔

قطرائیرویز نے ٹویٹر پر اطلاع دی ہے کہ وہ 11 جنوری سے الریاض ،14 جنوری سے جدہ اور16 جنوری سے الدمام کے لیے پروازیں چلائے گی۔اس نے مزید کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ان شہروں کے لیے اپنے بڑے طیارے چلائے گی۔ان میں بوئنگ 777-300، بوئنگ 787-8 اور ائیربس اے 350 شامل ہیں۔

قطری کمپنی نے مزید کہا ہے کہ ’’ہم سعودی عرب میں اپنے تجارتی اور کاروباری شراکت داروں کے ساتھ مضبوط تعلق داری کے خواہاں ہیں۔اس کے علاوہ مملکت کے بڑے ہوائی اڈوں کے ساتھ بھی مضبوط تعلقات کے خواہاں ہیں۔‘‘

سعودی ائیرلائنز(السعودیہ) نے بھی ایک ٹویٹ میں سوموار سے الریاض اور جدہ سے دوحہ کے لیے پروازیں بحال کرنے کی اطلاع دی ہے۔

سعودی عرب نے چار جنوری کو قطر کے ساتھ واقع اپنی فضائی ، برّی اور بحری سرحدیں دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا۔پانچ جنوری کوالعُلا میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) کے سربراہ اجلاس میں سعودی عرب سمیت چار عرب ممالک نے قطر کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے قطر کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات بحال ہوگئے ہیں۔

اس ضمن میں ان ممالک اور قطر کے درمیان دوبارہ تعلقات کی بحالی کے لیے العُلا میں ایک سمجھوتا طے پایا تھا۔اس کے بعد قطرائیرویز نے گذشتہ جمعرات کو سعودی عرب کی فضائی حدود سے اپنے طیارے گزارنے کا اعلان کیا تھا۔

مقبول خبریں اہم خبریں