.

کروناوائرس کا شکارالجزائری صدرعلاج کے لیے دوبارہ جرمنی منتقل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کرونا وائرس کا شکار الجزائری صدرعبدالمجید تبون کو اتوار کے روز دوبارہ جرمنی منتقل کردیا گیا ہے۔

75 سالہ الجزائری صدر کے پاؤں میں کووِڈ-19 کے نتیجے میں انفیکشن ہوگئی تھی۔اس سے پہلے وہ اس مہلک وائرس کا شکار ہونے کے بعد دوماہ تک جرمنی میں زیرِعلاج رہے تھے اور قریباً دو ہفتے قبل ہی وطن لوٹے تھے۔

الجزائر میں ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صدر تبون کی طبی پیچیدگی فوری توجہ طلب اور قابلِ علاج نہیں تھی اور ان کے پاؤں میں پیچیدگی جرمنی میں گذشتہ قیام کے دوران میں پیدا ہوئی تھی۔

اس نے مزید کہا ہے کہ ’’صدر تبون نے تب 29 دسمبر کو اپنی ناگزیر واپسی کے پیش نظر اس پیچیدگی کا علاج مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔‘‘

الجزائری صدر نے جرمنی سے واپسی پر رواں سال کے بجٹ کی منظوری دی تھی اور ایک صدارتی فرمان پر دست خط کیے تھے جس کے تحت نومبر میں منعقدہ ریفرینڈم میں منظورشدہ آئینی ترمیم کا نفاذ عمل میں آیا ہے۔