سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے منگل کے روز کووِڈ-19 کی ویکسین لگوالی ہے۔
شہزادہ فیصل نے ایک ٹویٹ میں ویکسین کا پہلا ٹیکا لگوانے کی اطلاع دی ہے اور یہ دعا کی ہے کہ ’’اللہ تعالیٰ ہماری قیادت کو شہریوں اور مکینوں کے تحفظ کے لیے ویکسین مہیا کرنے کی غرض سے عظیم کاوشوں پراجرعظیم عطا فرمائے۔‘‘انھوں نے محکمہ صحت کے عملہ کو کروناوائرس کی وَبا کے خراج تحسین پیش کیا ہے۔
تلقيت اليوم الجرعة الأولى من لقاح فيروس كورونا نفع الله به، وجزى الله قيادتنا خيراً لما تقوم به من جهود كبيرة لتوفير اللقاح وبشكل سريع وآمن للمواطن والمقيم، كما أود أن أعبر عن فخري واعتزازي بأبطال الصحة الذين يقومون بعملهم بكل تفاني و إتقان. pic.twitter.com/yfSen747H0
— فيصل بن فرحان (@FaisalbinFarhan) January 12, 2021
سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خود گذشتہ ہفتے کووِڈ-19 کی ویکسین لگوائی تھی۔سعودی پریس ایجنسی نے ان کی ویکسین لگواتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی تھی۔
سعودی وزیرصحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے خادم الحرمین الشریفین کا تمام شہریوں اور مکینوں کو کروناوائرس سے تحفظ دینے کے لیے تمام وسائل مہیّا کرنے کا شکریہ ادا کیا تھا۔
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے گذشتہ جمعرات کو کووِڈ-19 کی ویکسین دوسری مرتبہ لگوانے والے شہریوں اور مکینوں کے لیے آن لائن ’’صحت پاسپورٹ‘‘ کے اجرا کا اعلان کیا تھا۔
یہ نیا ’’صحت پاسپورٹ‘‘ سعودی عرب کی وزارت صحت نے سعودی اتھارٹی برائے ڈیٹا اور مصنوعی ذہانت (سدایا) کے تعاون سے تیارکیا ہے۔کووِڈ-19 کی ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے والے شخص کو چند سیکنڈز ہی میں توکلنا ایپ پرخودکار طریقے سے صحت پاسپورٹ جاری ہوجائے گا۔
سعودی عرب دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کاوشوں کے حصے کے طور پر ’’صحت پاسپورٹ‘‘ جاری کیے جارہے ہیں۔اس سے کام کو ویکسین لگوانے والے افراد کی شناخت میں مدد ملے گی۔